پشاور (92 نیوز) پشاورمیں شہری ٹماٹر اور پیاز کی قیمت سن کر لال پیلے ہونے لگے۔ ٹماٹر ڈیڑھ سو روپے اورپیاز اسی روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔ مٹر اور کریلے کی قیمتوں نے بھی خریداروں کے منہ کڑوے کردیئے۔
ٹماٹر پھل ہے یا سبزی اس سوال کا جواب۔ جو بھی ہو لیکن ان دنوں پشاور کی مارکیٹ میں ٹماٹر کے ریٹ سن کر تو ایسا لگتا ہے کہ جیسے ٹماٹرکوئی قیمتی پھل ہے۔
گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹرکی قیمت کو ایسے پر لگے کہ پہلے سنچری کی پھر ڈبل سنچری کرتے کرتے رہ گیا۔ ٹماٹرکی قیمت ایک سو پچاس روپے فی کلو سن کر خریداروں کے چہرے بھی لال ہونے لگے۔۔
ٹماٹر ہی نہیں۔ مٹر اور کریلے کی قیمت نے بھی خریداروں کا منہ کڑوا کردیا ہے۔ مٹر 240 روپے، کریلا سو روپے ، بنڈی اور پیاز اسی روپےکلو فروخت ہو رہا ہے۔
دکاندار کہتے ہیں کہ مقامی فصل نہ ہونے کے باعث قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ زرعی ملک میں کوئی پالیسی اور سپلائی اورطلب میں توازن نہ ہونے کے باعث اب سبزیاں عام آدمی خرید نہیں صرف دیکھ سکتا ہے۔