Tuesday, September 17, 2024

پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کا عبوری حکم واپس

پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کا عبوری حکم واپس
June 14, 2018
لاہور (92 نیوز) سپریم کورٹ لاہور رجسٹری نے پرویز مشرف کے پیش نہ ہونے پر کاغذات نامزدگی منظور کرنے کی عبوری اجازت واپس لے لی۔ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں چار رکنی فل بنچ نے جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے ملک واپسی کے کیس کی سماعت کی۔ پرویز مشرف کے وکیل قمر افضل نے آگاہ کیا کہ ان کے مؤکل نے عدالت میں پیش ہونے کیلئے وقت مانگا ہے۔ وکیل کے مطابق پرویز مشرف پاکستان آنے کا ارادہ رکھتے ہیں لیکن عید کی تعطیلات اور موجودہ حالات کی وجہ سے سفر نہیں کر سکتے۔ سپریم کورٹ کے فل بنچ نے پرویز مشرف کو عدالت میں پیش ہونے کیلئےآج دوپہر دو بجے تک کی مہلت دی تھی لیکن پرویز مشرف نے پیش ہونے کی بجائے مزید مہلت کی استدعا کر دی۔ فل بنچ نے پرویز مشرف کے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کی عبوری اجازت واپس لے لی۔ عبوری حکم واپس لینے پر پرویز مشرف کے عام انتخابات میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ فل بنچ نے پرویز مشرف کے ملک واپسی کے معاملے پر کارروائی غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کر دی اور ہدایت کی کہ دوبارہ درخواست دینے پر عدالتی کارروائی کی جائے گی۔