Saturday, July 27, 2024

پرویز مشرف کو فالج کا خدشہ‘ ڈاکٹرز نے فوری آپریشن تجویز کر دیا : وکیل

پرویز مشرف کو فالج کا خدشہ‘ ڈاکٹرز نے فوری آپریشن تجویز کر دیا : وکیل
March 15, 2016
اسلام آباد (92نیوز) سپریم کورٹ نے سابق صدر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف وفاقی حکومت کی اپیل سماعت کے لئے منظور کر لی۔ چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سر براہی میں پانچ رکنی لارجر بینچ کل سے سماعت کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں چیف جسٹس انور ظہیر جمالی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے سابق صدر پرویز مشرف کے بیرون ملک علاج معالجہ سے متعلق درخواست پر سماعت کی۔ سابق صدر کے وکیل نے ان کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کر دی۔ ایڈووکیٹ فروغ نسیم نے سابق صدر کی میڈیکل رپورٹ بھی عدالت میں پڑھ کر سنائی۔ پرویز مشرف کے وکیل ایڈووکیٹ فروغ نسیم نے موقف اختیار کیا کہ سابق صدر پرویز مشرف کو کمر اور بائیں ٹانگ میں تکلیف ہے۔ ڈاکٹرز نے سابق صدر کا فوری آپریشن تجویز کیا ہے۔ فوری آپریشن نہ ہونے کی صورت میں فالج کا اٹیک ہونے کا خدشہ ہے۔ آپریشن کے دوران جس نگہداشت، طبی سہولیات اور آلات کی ضرورت ہے وہ پاکستان میں دستیاب نہیں۔ چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ سابق صدر کی میڈیکل رپورٹ پر کوئی ریمارکس نہیں دینگے۔ بہتر ہو گا کہ اس معاملہ پر وفاقی حکومت کی اپیل کو سماعت کے لیے مقرر کرکے فیصلہ دے دیا جائے۔ عدالت نے بعد ازاں رجسٹرار آفس کو سابق صدر پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالنے کے سندھ ہا ئی کورٹ کے فیصلے کے خلاف وفاقی حکومت کی اپیل کو بدھ کے روز سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔