پرویز مشرف نے بے نظیر کو عام انتخابات سے قبل پاکستان نہ آنے کی دھمکی دی : مارک سیگل
راولپنڈی(92نیوز)بے نظیر بھٹو کے قریبی دوست اور اہم گواہ مارک سیگل کا کہنا ہے کہ جنرل پرویز مشرف نے عام انتخابات سے پہلے بے نظیر بھٹو کو پاکستان نہ آنے کی دھمکی دی تھی ۔
تفصیلات کےمطابق امریکی صحافی مارک سیگل کا بے نظیر بھٹو قتل کیس کے سلسلے میں اہم بیان اسلام آباد میں ریکارڈ ہوا ، بیان کمشنر آفس میں امریکا سے ویڈیو لنک کے ذریعے ریکارڈ کیا گیا، مارک سیگل نے بیان میں دوہزار نو میں جے آئی ٹی کو دئیے گئے بیان کی باتیں دہرائیں، امریکی صحافی نے اپنے بیان میں کہا کہ پاکستان آنے سے تین ہفتے پہلے بے نظیر بھٹو کو جنرل پرویز مشرف کا ٹیلی فون آیا ،پیپلز پارٹی کی چیئر پرسن نے فون کانگریس کے رکن ٹام لینٹوس کے دفتر میں سنا ، فون سننے کے بعد بے نظیر کافی پریشان دکھائی دے رہی تھیں۔
مارک سیگل نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کے پوچھنے پر بے نظیر بھٹو نے بتایا کہ جنرل پرویز مشرف نے انہیں دھمکیاں اور گالیاں دیں اور کہا کہ وہ دوہزار آٹھ کے الیکشن سے پہلے کسی صورت پاکستان واپس نہ آئیں۔ مشرف نے بے نظیر سے یہ بھی کہا کہ ان کی سیکورٹی کا دارو مدار ان سے تعلقات پر منحصر ہےدوسری طرف پرویز مشرف کے وکلا نے مارک سیگل کی غیر جانبداری پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ مارک سیگل بے نظیر بھٹو کے ملازم تھے اور وہ امریکا میں ان کے لئے لابی کرتے تھے۔