پرویز خٹک کا لیگی رہنماؤں کو ہتک عزت کا نوٹس بھیجنے کا اعلان
اسلام آباد(92نیوز)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے لیگی رہنماوں کو ہتک عزت کا نوٹس جاری کرنے کا اعلان کردیا۔ کہتے ہیں ہماری حکومت نے اسٹاک ایکسچینج میں کوئی پیسہ نہیں لگایا صوبے میں کرپشن کرنا مشکل ہوچکا ہےراتوں رات منصوبے بنانا کوئی کارنامہ نہیں ہے۔
تفصیلات کےمطابق وزیر اعلیٰ پختونخوا پرویز خٹک نے اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے اسٹاک ایسچینج میں کوئی پیسہ نہیں لگایا۔ 2005 سے 2008 تک ایم ایم اے کی حکومت نے اسٹاک ایکسچینج میں 50 کروڑ روپے لگائے، ہماری حکومت نے یہ پیسہ واپس نکال لیا ہے۔ غلط بیانی پر نون لیگ کے رہنماوں کو ہتک عزت کا نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ جو لوگ یہ سوال کرتے ہیں کہ خیبرپختونخوا میں کوئی کام نہیں ہوا انہیں صوبے کا دورہ کریں اور دیکھیں صوبائی حکومت نے تعلیم ، صحت اور تھانے کے نظام کو کس طرح تبدیل کردیا ہے۔
پی ٹی آئی نظام کی تبدیلی کے لیے کام کررہی ہے اب کرپشن کرنا مشکل ہوچکا ہے۔
وزیراعلیٰ پختونخوا نے کہا کہ انہوں نے کالا باغ ڈیم کی حمایت کبھی نہیں کی، وفاقی حکومت کالا باغ ڈیم پر تمام صوبوں کے تحفظات دور کرے خیبر پختونخوا میں 1800میگاواٹ بجلی پر کام جاری ہے ، خیبر پختونخوا میں بجلی بنانے پر 25 کروڑ روپے فی میگاواٹ خرچہ آتا ہے پنجاب میں اسی پانی سے مہنگی بجلی تیار کی جارہی ہے۔