Wednesday, September 18, 2024

پروفیسرحسن عسکری نگران وزیراعلیٰ پنجاب مقرر

پروفیسرحسن عسکری نگران وزیراعلیٰ پنجاب مقرر
June 7, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) الیکشن کمیشن نے پروفیسر حسن عسکری کو نگران وزیراعلیٰ پنجاب مقرر کر دیا۔ پروفیسر حسن عسکری رضوی اگلے دو ماہ کیلئے پنجاب کی قیادت سنبھالیں گے۔ چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان کی سربراہی میں الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس ہوا جس میں پنجاب کے نگراں وزیر اعلیٰ کا نام زیر غور کیا گیا۔ الیکشن کمیشن ممبرز نے ایڈمرل (ر) ذکاءاللہ اور جسٹس (ر) سائر علی ، ایاز امیر اور پروفیسر حسن عسکری رضوی کے ناموں پر غور کے بعد  پروفیسر حسن عسکری  کا نام متقفہ طور پر  نگران وزیر اعلی پنجاب کے لیئے منظور کر لیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن اختر نذیر نے کہا کہ آرٹیکل 224 اے کے تحت نگران وزیر اعلی کے تقرر کا معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس بھیجا گیا تھا۔ الیکشن کمیشن نے متفقہ طور پر پروفیسر حسن عسکری کو نگران وزیر اعلی پنجاب مقرر کر دیا ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ بلوچستان اسمبلی کی جانب سے وزرائے اعلی کے لیے بھیجے گے نام الیکشن کمیشن کو موصول ہو گئے ہیں۔ ڈاکٹر حسن عسکری رضوی انیس سو پینتالیس میں پیدا ہوئے۔ آپ کا شمار پاکستان کی بڑی علمی شخصیات میں ہوتا ہے۔ وہ سیاسی امور کے ماہر اور دفاعی تجزیہ نگار ہیں۔ ڈاکٹرحسن عسکری پنجاب یونیورسٹی میں پولیٹیکل سائنس کے پروفیسر ہیں اور قومی و بین الاقوامی جامعات میں بھی تدریسی فرائض سرانجام دے چکے ہیں۔ حسن عسکری مختلف اخبارات، جرائد اور ٹی وی چینلز پر مایہ ناز مبصر کے طور پر بھی جانے جاتے ہیں۔ ڈاکٹر حسن عسکری نے انیس سو اسی میں یونیورسٹی آف پنسلوینیا سے پولیٹیکل سائنس میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی۔ آپ کولمبیا یونیورسٹی میں پاکستان اسٹیڈیز کے وزٹنگ لیکچرر بھی رہے۔