پاک ہند قومی سلامتی کے مشیروں کی خفیہ ملاقات کا امکان
لاہور (92نیوز) پٹھان کوٹ ایئربیس پر حملے کے بعد پاک بھارت مذاکرات کے حوالے سے بھارت کی طرف سے واضح جواب نہیں آیا لیکن ایک بھارتی ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ دونوں ممالک کے قومی سلامتی کے مشیر خفیہ ملاقات کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کے خارجہ سیکرٹری کی جمعہ کے روز متوقع ملاقات ابہام کا شکار ہونے لگی ہے مگر این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے قومی سلامتی کے مشیر‘ خارجہ سیکرٹریز کی ملاقات سے قبل کسی تیسرے ملک میں ایک خفیہ ملاقات کر سکتے ہیں۔
بھارتی ٹی وی نے پاکستانی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ ہندوستان کی جانب سے پٹھان کوٹ حملے کے حوالے سے فراہم کیے جانے والے ثبوتوں کی جانچ پڑتال ابھی مکمل نہیں ہوئی ہے اور پٹھان کوٹ حملے کے مبینہ 6 حملہ آوروں کی پاکستان میں شناخت ممکن نہیں ہوسکی۔
ٹی وی چینل نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے جنوبی پنجاب میں 5 گرفتاریاں عمل میں آئی ہیں تاہم حکومت کی جانب سے ان افراد کی شناخت کے حوالے سے سرکاری تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔