پاک چین تعلقات کمزور یا تبدیل ہوں، کبھی نہیں ہوگا، وزیراعظم عمران خان
اسلام آباد (92 نیوز) وزیراعظم عمران خان نے دوٹوک اعلان کرتے ہوئے کہا، پاک چین تعلقات کمزور یا تبدیل ہوں، کبھی نہیں ہوگا۔
وزیراعظم عمران خان نے چین کے میڈیا سے گفتگو میں کہا، چین ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہا، امریکا کا پاکستان پرکوئی ایک سائیڈ چننے کیلئے دباؤ ڈالنا مناسب نہیں۔
اُنہوں نے کہا، پاکستان سب کےساتھ اچھے تعلقات چاہتاہے ، جانبدارکیوں بنے۔ پاک چین تعلقات حکومتی سطح پرنہیں بلکہ عوامی سطح پر ہیں۔ چین کے لوگ پاکستانیوں کےدلوں میں خاص مقام رکھتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ، سی پیک پاکستان کیلئے انتہائی اہم منصوبہ اور پاکستان کا معاشی مستقبل ہے۔ پاک چین تعلقات کا آغاز سترسال پہلے ہوا، سیاسی مسائل ہوں یا عالمی ، ہمسایہ کےساتھ تنازعات ہوں یاکوئی اور مسئلہ چین ہمیشہ پاکستان کےساتھ کھڑا رہا ہے۔
عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ، آپ ہمیشہ ان دوستوں کویاد رکھتے ہیں جو مشکل وقت میں آپ کے ساتھ کھڑے رہتے ہیں۔ اچھے وقت میں توہرکوئی آپ کے ساتھ کھڑا رہتا ہے لیکن برے اور مشکل وقت میں ساتھ کھڑے لوگ آپ کو ہمیشہ یاد رہ جاتے ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ، عالمی سیاسی فورمز پر چین اور پاکستان ہمیشہ ایک ساتھ کھڑے ہوتے ہیں، پاکستان پر چین کےساتھ تعلقات بدلنے یا کم کرنے کیلئے دباؤ ڈالنا درست نہیں، ایسا کبھی نہیں ہوگا، پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات انتہائی گہرے ہیں۔
وزیراعظم بولے کہ، خطے میں مختلف طاقتوں کے درمیان حریفانہ سوچ پائی جاتی ہے، امریکا کے چین سے اختلافات سب کے سامنے ہیں، ہر کوئی جانتا ہے اس سے مسائل پیدا ہوتے ہیں۔ امریکا علاقائی اتحاد تشکیل دے رہا ہے جس میں امریکا، بھارت اور دیگر ممالک شامل ہیں اس صورتحال میں پاکستان سمجھتا ہے کہ اس پر جانبدار رہنے کیلئے دباؤ ڈالنا درست نہیں۔