Saturday, December 4, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

پاک فوج کے میجر طفیل محمد شہید کا ساٹھواں یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے

پاک فوج کے میجر طفیل محمد شہید کا ساٹھواں یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے
August 7, 2018
اسلام اباد (92 نیوز) آج مشرقی پاکستان میں جرات و بہادری کی سنہری داستان رقم کرنے والے پاکستان کے عظیم سپوت میجر محمد طفیل شہید نشان حیدر کا 60 واں یوم شہادت پورے عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے ۔ بھارتی پنجاب کے علاقہ ہوشیار پورمیں 1914ء میں آنکھ کھولنے والا بہادر سپوت میجر محمد طفیل شہید ابتدائی تعلیم کے بعد 1943ء میں ہندوستان میں برطانوی فوج کی 16 ویں پنجاب رجمنٹ میں کمیشن حاصل کیا۔ مشرقی پاکستان میں اپنی جان پر کھیل کر دشمن کے ناپاک عزائم ناکام بنا ئے اور آئندہ نسلوں کیلئے مشعل راہ ٹھہرے ۔ میجر محمد طفیل 1958ء میں مشرقی پاکستان میں کمپنی کمانڈر اور ایسٹ پاکستان رائفلز کیساتھ منسلک تھے ۔ سرحدی سلامتی کلیدی ذمہ داری تھی ۔۔بھارت نے رات کی تاریکی میں بین الاقوامی سرحد عبورکر کے لکشمی پورکے گاﺅں پر قبضہ کر لیا ۔ میجر محمد طفیل نے 3 پارٹیاں تشکیل دیکربھارتی فورسز کودبوچ لیا۔ دشمن نے بھاری ہتھیاروں سے جوابی حملہ کیا۔ میجر طفیل نے معدے میں لگنے والی 3 گولیوں کے باوجود پیش قدمی جاری رکھی اور دشمن کی مشین گنز خاموش اور گرینیڈ حملے سے دشمن کی اہم چوکیاں تباہ کر دیں ۔ سپاہ پر شدید فائر آتا دیکھ کر میجر طفیل نے زخموں سے چور جسم گھسیٹتے ہوئے بھارتی فوج کے کمانڈر کو دبوچ لیا اور دست بدست لڑائی میں اُسے واصل جہنم کیا۔ میجر طفیل نے نہ صرف دشمن کا قبضہ چھڑایا بلکہ اُسے اُسکی سرحد کے اندردھکیل دیا او ر مادر وطن کی ایسی لاج رکھی کہ اُنکی بہادری کی گواہی دشمن بھی دینے پر مجبور تھا۔ شدید زخمی میجر محمد طفیل نے اپنے جونیئر آفیسر سے کہا تھا ”میں نے اپنا فرض ادا کردیا، دشمن بھاگ کھڑا ہوا ہے “ میجر محمد طفیل ہسپتال لیجاتے وقت زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے ۔ آپ کو بورے والا پنجاب میں سپرد خاک کیا گیا اور گراں قدر خدمات کے اعتراف میں نشان حیدر سے نواز گیا۔