اسلام آباد(92نیوز)پاک فضائیہ نے پی اے ایف بیس مصحف میرپر ایک شاندار تقریب منعقد کی جس میں اُن دلیر ہوابازوں کو انکی خدمات پر خراجِ عقیدت پیش کیا گیاجنہوں نے انیس سو اڑتالیس، انیس سو پینسٹھ اور انیس سو اکہتر کی جنگوں میں بہادری کی نئی تاریخ رقم کی۔
تفصیلات کے مطابق پاک فضائیہ نے پی اے ایف بیس ، مصحف میرپر ایک شاندار تقریب کے دوران اپنے جنگجو ہوابازوں کی عظیم خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف سہیل امان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاک فضائیہ اپنے مادر وطن کی فضائی سرحدوں کی حفاظت میں ہمیشہ قوم کی امیدوں اور امنگوں پر پورا اترے گی۔
ائیر چیف نے ضربِ عضب میں پاک فضائیہ کے کردار اور وژن 2025ء پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاک فضائیہ دہشت گردی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑنے میں اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
پاک فضائیہ کے ایف سولہ طیارے کے کر تب اور مظاہرہ اس ایونٹ کا سب سے اہم حصہ تھا۔ ونگ کمانڈر ازمان خلیل نے حیران کن کرتب دکھا کر تمام حاضرین کو ورطہء حیرت میں ڈال دیا۔
پاک فضائیہ کے کمانڈوز نے جدید ہتھایروں سے فائرنگ کرتے ہوئے شاندار ڈرلز کا مظاہرہ کر کے حاضرین سے داد وصول کی جبکہ شرکاٗ کو ایف 16 ، جے ایف تھنڈر، میراج ، ایف 7 پی اور ڈرون طیاروں پر مشتمل پاک فضائیہ کے فلیٹ کا دورہ کرایا گیا۔
تقریب کے اختتام پر ایف 16 اور میراج طیاروں نے شام کے اوقات میں ٹیک آف کا مظاہرہ پیش کیا۔