Monday, October 3, 2022

پاک بھارت امن کیلئے کوشاں رہنے والے بھارتی صحافی کلدیپ نائر چل بسے

پاک بھارت امن کیلئے کوشاں رہنے والے بھارتی صحافی کلدیپ نائر چل بسے
ممبئی ( 92 نیوز) صحافت اور ادب کا ایک اور باب بند  ہو گیا ، پاک بھارت امن کیلئے کوشاں رہنے والے بھارتی صحافی کلدیپ نائر 95 برس کی عمر میں چل بسے  ، وفاقی وزیراطلاعات فواد چودھری نے  کلدیپ نائر کے انتقال پر اظہار افسوس  کیا۔ کلدیپ نائر نے اپنا قلم نفرتیں مٹانے کیلئے استعمال کیا ، صحافتی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ معروف بھارتی صحافی کلدیپ نائر انتقال کرگئے  ، کلدیپ نائر کچھ عرصہ سے علیل تھے،کلدیپ نائر کی موت پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی،پاکستان کے وزیر اطلاعات فواد چوہدری سمیت کئی نامور شخصیات کی طرف سے تعزیتی پیغامات جاری کیے گئے ہیں۔ کلدیپ نائر 14 اگست 1923 کو پاکستانی شہر سیالکوٹ میں پیدا  ہوئے ،کلدیپ نائر نے ایف سی کالج لاہور سے بی ایس آنرز اور پنجاب یونیورسٹی  لاء کالج سے قانون  جبکہ  سکالرشپ پر ایک امریکی یونیورسٹی سے صحافت کی ڈگری بھی حاصل کی کلدیپ نائر 1947میں برصغیر پاک و ہند کی تقسیم کے بعد ہندوستان منتقل ہوگئے اور دہلی میں سکونت اختیار کی ۔ کلدیپ نائر نے ڈگری تو قانون کی حاصل کی لیکن انہوں نے صحافت کے میدان میں اصل نام کمایاانہوں نے کیرئیر کا آغاز ایک اردو اخبار سے کیا بعدازاں وہ  متعدد اخبارات  سے منسلک رہے۔ انہوں نے اپنے کالموں میں برصغیر پاک وہند کے سماجی ،معاشرتی، سیاسی اور دیگر مسائل پر خوب لکھا ،انکے سنڈیکیٹ کالمز بھارت کے ساتھ ساتھ مختلف پاکستانی اخبارات میں بھی شائع ہوتے تھے،کلدیپ نائر پاک بھارت امن اور دوستی کے بہت بڑے پرچارک تھے ۔ کلدیپ نائر 1990 میں برطانیہ میں بھارت کے ہائی کمشنر بھی رہ چکے ہیں،  وہ بھارتی ایوانِ بالاکے رکن  بھی رہے ،کلدیپ نائر نے 15 کے قریب کتابیں لکھیں۔ کلدیپ نائر کو 2015 میں  صحافتی خدمات پر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ  سے بھی نوازا گیا۔