Monday, December 6, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

پاک بحریہ کے فلوٹیلا کا مسقط کا دورہ ، پیشہ وارانہ اُمور پر تبادلہ خیال

پاک بحریہ کے فلوٹیلا کا مسقط کا دورہ ، پیشہ وارانہ اُمور پر تبادلہ خیال
January 4, 2018

اسلام آباد(92 نیوز ) پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس رسد گار ، راہ نَوَرد اور آبدوز حرمت پر مشتمل پاک بحریہ کے فلوٹیلا نے مسقط کا خیر سگالی و تربیتی دورہ کیا ۔ کمانڈر سبمیرینز کموڈور الطاف حسین نے پاک بحریہ کے اس فلوٹیلا کی کمانڈ بطورِ مشن کمانڈرکی۔
سلطان قبوس بندر گاہ پہنچنے پررائل نیوی آف عمان نے پاک بحریہ کے جہازوں کا پر تپاک استقبال کیا ۔ دورے کے دوران مشن کمانڈر اور جہازوں اور آبدوزکے کمانڈنگ آفیسرز نے عمان کی بحریہ کے مختلف حکام سے اہم ملاقاتیں کیں۔


رائل نیوی آف عمان کے آفیسرز، عمان میں مقیم پاکستانیوں،ملٹری نیول اتاشیوں اور سلطان آرمڈ فورسز کے آفیسرز نے پاک بحریہ کے جہازوں اور آبدوز کا دورہ کیا۔
خیر سگالی و تربیتی دورے کا مقصد دونوں ممالک کی بحری افواج کے مابین مشترکہ آپریشنز کرنے کی صلاحیت میں اضافہ، دو طرفہ تعلقات کو مزید بہتر بنانا اور ایک دوسرے کے تجربا ت سے استفادہ حاصل کرنا تھا۔
دورے کے دوران پاک بحریہ کے جہازوں کے آفیسرز اورعملے نے رائل نیوی آف عمان کے آفیسرز اور سی پی اوز ، سیلرز کے ساتھ پیشہ وارانہ اُمور اور تجربات کا تبادلہ کیا۔


بندر گاہ کے دورے کی تکمیل پربندرگاہ سلطان قابوس کو خدا حافظ کہتے ہوئے پاک بحریہ کا سیل شپ پی این ایس راہ نَوَرد ، رائل عمان نیوی کے جہاز شہباب عمان II-کے ساتھ عازمِ سفر ہوا۔
سیلنگ کی مہارتوں کے باہمی تبادلے کے لئے بحری سفر کے دوران دونوں جہازوں کے عملے کے ارکان کا باہمی تبادلہ بھی کیا گیا۔