Saturday, July 27, 2024

پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں منشیات کی اسمگلنگ ناکام بنا دی

پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں منشیات کی اسمگلنگ ناکام بنا دی
February 7, 2018

اسلام آباد ( 92 نیوز )     پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس اصلت نے شمالی بحیرہ عرب میں آپریشن کرتے ہوئے لاکھوں ڈالرز مالیت کی 5000کلو گرام حشیش قبضے میں لے لی۔

پی این ایس اصلت نے یہ کامیاب کارروائی پاکستان کے خصوصی اقتصادی زون میں میری ٹائم سکیورٹی آپریشنز کے دوران کی۔پاک بحریہ کے اس آپریشن کی کامیابی علاقے کی کڑی نگرانی ، تجزیہ اور خصوصی آپریشن کے باعث ممکن ہوئی۔

ٹھوس شواہد اکٹھے کرنے کے بعد پی این ایس اصلت کی اسپیشل وار فیئر ٹیم نے مشکوک کشتی کو گھیرے میں لے لیا اور سرچ آپریشن کرتے ہوئے 5000کلوگرام حشیش اپنے قبضے میں لے لی۔

بعد ازاں، قبضے میں لی جانے والی حشیش کو قانون کے مطابق تلف کرنے اور مشکوک افراد کو قانونی کارروائی کے لئے پاکستان میری ٹائم سکیورٹی ایجنسی کے حوالے کر دیا گیا۔

اس آپریشن کے دوران پاک بحریہ کے جہاز کے عملے نے نامساحد حالات میں اعلیٰ پیشہ ورانہ صلاحیتوں، بے لوث لگن اور بلند حوصلے کا مظاہر ہ کیا۔

پاکستان نیوی کے جہاز کا منشیات کی اسمگلنگ کی کوشش کو ناکام بنانا اس بات کا غماز ہے کہ پاکستان نیوی شمالی بحرِ ہند میں قانونی بحری تجارت کی آزادانہ نقل و حمل کو یقینی بنانے اور دہشت گردوں اور شر پسندوں کی کارروائیوں کو روکنے کے لئے ہمہ وقت مستعد و سرگرم ہے۔

پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس اصلت کا بھاری مقدار میں منشیات کو قبضے میں لینے کا یہ کامیاب آپریشن اس حقیقت کا عکاس ہے کہ حکومت ِ پاکستان اور پاک بحریہ سمندروں کی آزادی کو یقینی بنانے اور غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے لئے پر عزم ہیں۔

پاک بحریہ نے ممنوعہ اشیاءکی غیر قانونی بحری نقل و حمل کو روکنے میں ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے اور بحری تجارتی راستوں کو محفوظ بنانے کی اپنی اس قومی ذمہ داری میں پاک بحریہ اپنا واجب کردار ادا کرتی رہے گی۔

پی این ایس اصلت ایک جدید جنگی جہاز ہے جو سمندر میں جنگی کارروائیوں کے ساتھ ساتھ ہر قسم کے میری ٹائم سکیورٹی آپریشنز سر انجام دینے کی بھر پورصلاحیت رکھتا ہے۔

پی این ایس اصلت،کمبائنڈ میری ٹائم ٹاسک فورس150جو کہ آپریشن اینڈریورنگ فریڈم کا حصہ ہے  میں بھی اپنی ذمہ داریاں سر انجام دیتا رہا ہے۔

ٹاسک فورس150 کی ذمہ داریوں میں انسدادِدہشت گردی اور غیر قانونی سرگرمیوں کی بیخ کنی شامل ہیں۔