پاک بحریہ سمندری ماحول کے تحفظ کیلئے کوششیں جاری رکھے گی ، امیر البحر
کراچی ( 92 نیوز) عالمی یوم ماحولیات پر پاک بحریہ کے زیر اہتمام مختلف سر گرمیوں کا انعقاد کیا گیا ۔ اس موقع پر چیف آف دی نیول اسٹاف کا کہنا تھا کہ پاک بحریہ سمندری ماحول کے تحفظ کیلئے کوششیں جاری رکھے گی ۔
پاک بحریہ نے یوم ماحولیات پر ماحولیات کی اہمیت پر لیکچرز، مضمون اور نقشہ نویسی کے مقابلوں کا انعقاد کیا ، مقابلوں میں شریک عوام کو بتایا گیا کہ پلاسٹک سے پیدا ہونے والی آلودگی کا خاتمہ اشد ضروری ہے ، پلاسٹک کا پائیدار نعم البدل تلاش کیا جانا چاہئے اور اس کی پیداوار کو فوری طور پر کم کرکے اس کے استعمال میں کمی لائی جائے تاکہ اس کے سبب ہونے والی سمندری آلودگی کی روک تھام کی جاسکے جس سے سمندری حیات کو مسلسل نقصان پہنچ رہا ہے اور انسانی صحت کو بھی کئی خطرات لاحق ہیں۔
چیف آف دی نیول اسٹاف نے اپنے پیغام میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاک بحریہ سمندری ماحول کے تحفظ اور اپنی آئندہ نسلوں کے لیے قیمتی سمندری وسائل کو محفوظ بنانے کے لئےکوششیں جاری رکھے گی۔