Saturday, July 27, 2024

پاکستان کے نامور اداکار قاضی واجد کراچی میں انتقال کر گئے

پاکستان کے نامور اداکار قاضی واجد کراچی میں انتقال کر گئے
February 11, 2018

کراچی (92 نیوز) پاکستان کے سینئر اور نامور اداکار قاضی واجد 88 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کر گئے ۔
نامور اداکار کو گزشتہ رات شوگر اور بلڈ پریر کے باعث نجی اسپتال میں داخل کیا گیا تھا ۔ طبعیت میں کچھ بہتری ہوئی تو وہ گھر چلے گئے لیکن آج دوپہر ان کو دوبارہ اسپتال لایا گیا جہاں وہ انتقال کر گئے ۔
قاضی واجد 26 مئی 1930 کو لاہور میں پیدا ہوئے ۔ انہوں نے فنی زندگی کا آغاز 1956 میں ریڈیو پاکستان سے کیا ۔ آغاز میں ہی اسٹیج ڈراموں میں بھی حصہ لیا اور سرکاری ٹی وی نے نشریات شروع کیں تو پی ٹی وی کا حصہ بن گئے۔
مشہور ترین ڈرامہ "تعلیم بالغان" قاضی واجد کی پہچان بنا ۔
قاضی واجد نے "خدا کی بستی" میں راجہ کا یادگار کردار ادا کیا ۔ سینئر اداکار کے مشہور ڈراموں میں مرزا غالب بندر روڈ پر، ان کہی، تنہائیاں، ہوائیں شامل ہیں ۔
اس کے علاوہ انہوں نے دھوپ کنارے، آنگن ٹیڑھا، شہہ زوری، حوا کی بیٹی، خالہ خیراں اور کرن کہانی میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ۔
حکومت پاکستان نے قاضی واجد کو 14 اگست 1988 میں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازا
جبکہ 2016 میں فنی خدمات کے 60 سال مکمل کرنے پر کراچی میں "کمال فن ایوارڈ" سے بھی نوازا گیا ۔