Saturday, November 27, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

پاکستان کے بہادر سپوت پائلٹ آفیسر راشد منہاس نشان حیدر کا پچاس واں یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے

پاکستان کے بہادر سپوت پائلٹ آفیسر راشد منہاس نشان حیدر کا پچاس واں یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے
August 20, 2021 --- ویب ڈیسک

کراچی (92 نیوز) پاکستان کے بہادر سپوت پائلٹ آفیسر راشد منہاس نشان حیدر کا پچاس واں یوم شہادت آج منایا جا رہا ہے۔

راشد منہاس ،17 جنوری 1951ء کو کراچی میں پیدا ہوئے۔ دوران تعلیم ،راشد انتہائی محنتی اور ہوابازی میں دلچسپی رکھتے تھے۔ 1971ء میں پاک فضائیہ میں بحیثیت جی ڈی پائلٹ کمیشن حاصل کیا۔ 20 اگست 1971ء کی صبح پائلٹ آفیسر راشد منہاس دوسری انفرادی اڑان بھرنے کیلئے تیار ہوئے۔ ابھی ان کا ٹی تھرٹی تھری جہاز رن وے پر ٹیکسی کیلئے روانہ ہوا ہی تھا کہ ان کے انسٹرکٹر پائلٹ فلائٹ لیفٹیننٹ مطیع الرحمن اچانک رن وے پر پہنچے۔ راشد کو رکنے کا اشارہ کیا۔ مطیع الرحمن زبردستی کاکپٹ میں سوار ہوا۔ کنٹرول سنبھالا اور جہاز اڑا لیا۔

پائلٹ آفیسر راشد منہاس نے بھانپ لیا کہ ان کا انسٹرکٹر پاکستان سے غداری کا مرتکب ہو چکا اور جہاز زبردستی بھارت لے جانا چاہتا ہے۔ راشد نے طیارے کا کنٹرول سنبھالنے کی بہت کوشش کی لیکن ایسا ممکن نہ ہوا جبکہ اِسی تگ و دو میں راشد شدید زخمی ہو گئے ۔ شدید زخمی ہونے کے باوجود جہاز کا کنٹرول پینل ناکارہ کیا اور طیارے کا رخ زمین کی جانب موڑنے کیلئے پوری قوت لگا دی۔

پائلٹ آفیسر راشد منہاس کا طیارہ بین الاقوامی سرحد سے 32 میل دور ہی تباہ ہو گیا۔ غدار وطن فلائٹ لیفٹیننٹ مطیع الرحمن اپنے مضموم ارادوں کیساتھ انجام کو پہنچا اور وطن سے مثالی محبت کے عملی پیکر پائلٹ آفیسر راشد منہاس شہادت کے عظیم رتبے پر فائز ہو گئے۔ آپ کو مادر وطن کیلئے کمال بہادری اور شجاعت پر پاک فضائیہ کا پہلا نشان حیدر عطا کیا گیا۔ پائلٹ آفیسر راشد منہاس رہتی دنیا تک پاکستان اور پاک فضائیہ کا فخر عظیم رہیں گے۔