Friday, September 20, 2024

پاکستان کی طرح دیگر ممالک میں بھی جشن آزادی جوش و خروش سے منایاگیا

پاکستان کی طرح دیگر ممالک میں بھی جشن آزادی جوش و خروش سے منایاگیا
August 14, 2018
اسلام آباد ( 92 نیوز) پاکستان کی طرح دیگر ممالک میں بھی جشن آزادی انتہائی جوش وخروش سے منایا گیا ، مقبوضہ کشمیر کی فضا بھی پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی ۔  بھارت، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، برطانیہ، آسٹریلیا، تھائی لینڈ، جرمنی، نیدر لینڈز اور روس میں پرچم کشائی کی پروقار تقاریب ہوئیں۔ مقبوضہ کشمیر میں  سخت کرفیو لگا رہا مگر  نوجوانوں نے پاکستان کا یوم آزادی منایا  جبکہ حریت رہنماؤں نے بھی مبارکباد کے پیغامات دیئے ہیں۔بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں پاکستانی سفارتخانے میں 14 اگست کی تقریب ہوئی  جس میں ہائی کمشنر سہیل محمود نے پاکستانی پرچم لہرایا۔ سعودی عرب میں بھی یوم جشن آزادی  پاکستان منایا گیا، پاکستانی سفارت خانے میں پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی ۔ دبئی قونصلیٹ میں جشن آزادی کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی،  اس موقع پر پاکستان زندہ باد کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے۔ برطانیہ  کے شہر برمنگھم، لیڈز، بریڈفورڈ  میں بھی تقاریب کا انعقاد کیا گیا ، لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں منعقدہ مرکزی تقریب میں سبز ہلالی پرچم لہرایا گیا۔آسٹریلیا میں بھی پاکستان ہائی کمیشن میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد ہوا، اس موقع پر  کیک بھی کاٹا گیا۔ تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں 14 اگست  کو جوش و خروش سے منایا گیا ،  پاکستانی سفارتخانے میں منعقدہ تقریب میں پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ جرمن دارالحکومت فرینکفرٹ کی فضا پاکستان زندہ باد کے نعروں سے گونج اٹھی، قونصلیٹ جنرل آف پاکستان میں پرچم کشائی کی شاندار تقریب ہوئی۔ نیدرلینڈز کے دارالحکومت دی ہیگ میں بھی پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پاکستانی کمیونٹی کی کثیر تعداد شریک ہوئی ۔ روسی دارالحکومت ماسکو میں پاکستانی سفارتخانے میں 14 اگست کی مرکزی تقریب منعقد ہوئی جس میں غیرملکی سفارتکار بھی شریک ہوئے ۔