Saturday, July 27, 2024

پاکستان کی شہ رگ قرار پانیوالی جنت نظیر جدوجہد آزادی کی طویل تاریخ رکھتی ہے

پاکستان کی شہ رگ قرار پانیوالی جنت نظیر جدوجہد آزادی کی طویل تاریخ رکھتی ہے
February 5, 2016
لاہور(92نیوز)یوم یکجہتی کشمیر آج منایا جا رہا ہے ملک بھر میں ریلیاں نکالی جارہی ہیں اور پاکستان کی غیور عوام بھارتی تسلط کے خلاف سراپا احتجاج ہے جبکہ پاکستان کی شہ رگ قرار پانے والی جنت نظیر وادی کے باسیوں کی  جدوجہد آزادی طویل تاریخ رکھتی ہے،لاکھوں انسانی جانوں کی  قربانیوں کے باوجود  بھی کشمیریوں کے دل سے خواہش آزادی کو مٹایا نہیں جا سکا،یہی وجہ ہے کہ کشمیر کے دونوں اطراف میں  آج بھی کشمیر بنے گا پاکستان کا نعرہ  وادی وادی گونجتا ہے۔ تفصیلات کےمطابق کشمیری عوام کی تحریک آزادی اسی روز سے شروع ہو گئی تھی جب انگریزوں نے گلاب سنگھ کے ساتھ بدنام زمانہ ”معاہدہ امرتسر“ کے تحت16 مارچ 1846ءکو کشمیر کا 75لاکھ روپے نانک شاہی کے عوض سودا کیا۔ 13 جولائی 1931ء کو سری نگر جیل  میں کشمیریوں پر وحشیانہ فائرنگ کے نتیجے میں 22 مسلمان شہید اور 47 شدید زخمی ہو گئے۔  آل انڈیا مسلم لیگ نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لئے ”کشمیر کمیٹی“  کا سربراہ شاعر مشرق علامہ اقبال کو  مقرر کیا۔  1946ءمیں قائد اعظم کی دور اندیش نگاہوں نے   جغرافیائی حقائق کو سامنے رکھتے ہوئے کشمیر کو پاکستان کی”شہ رگ“ قرار دیا۔ 19 جولائی1947ءکو سردار ابراہیم خان کے گھر سری نگر میں باقاعدہ طورپر ”قرار داد الحاق پاکستان “منظور کی۔ مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان  کی قیادت میں  23 اگست 1947 کو نیلابٹ کے مقام سے مسلح جدوجہد  کے نتیجہ میں موجودہ آزاد کشمیر آزاد ہوا۔ اس دوران پنڈت جواہر لعل نہرو اقوام متحدہ پہنچ گئے اور  وعدہ کیا کہ وہ   رائے شماری کے ذریعے ریاست کے مستقبل کا فیصلہ مقامی عوام کی خواہشات کے مطابق کریں گے۔ امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد  مرحوام نے 5 جنوری 1989ءکو لاہور میں   5 فروری کو ہڑتال کی اپیل کرکے یوم کشمیر منانے کا فیصلہ کیا۔ میاں نواز شریف اور  وزیراعظم محترمہ بے نظیر بھٹو نے اس کی بھرپور تائید کی۔ اس کے بعد گزشتہ 25 برسوں سے 5 فروری کو آزاد و مقبوضہ کشمیر ‘  میں کشمیری عوام ہر سال یوم کشمیر اس عزم کے ساتھ مناتے ہیں کہ  ایک نہ ایک دن  کشمیر  مکمل طور پر آزاد ہو گا۔