Tuesday, April 30, 2024

پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی کے بعد ٹیسٹ میں بھی زمبابوے کو کلین سوئپ کر دیا

پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی کے بعد ٹیسٹ میں بھی زمبابوے کو کلین سوئپ کر دیا
May 10, 2021

ہرارے (92 نیوز) پاکستان نے ٹی ٹوئنٹی کے بعد ٹیسٹ میں بھی زمبابوے کو کلین سوئپ کر دیا۔ قومی ٹیم نے زمبابوے کو دوسرے ٹیسٹ میں اننگز اور 147 رنز سے ہرا دیا۔ زمبابوے کی ٹیم دوسری اننگز میں 231 رنز بناکر آؤٹ ہو گئی۔ عابد علی میچ اور حسن علی سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ 

شاہینوں کی زمبابوے کے خلاف اونچی اڑان، پہلے بلے بازوں نے عمدہ بیٹنگ کی تو بعد میں باؤلرز نے میزبان ٹیم کی خوب وکٹیں اڑائیں۔ گرین کیپس نے زمبابوے کو ٹیسٹ سیریز میں بھی وائٹ واش کر دیا۔

پاکستان نے دوسرے ٹیسٹ میں زمبابوے کو ایک اننگز اور 147 رنز سے شکست دے دی، فالوآن کا شکار میزبان ٹیم نے دوسری اننگز میں 231 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

زمبابوے کی ٹیم نے 358 رنز کے خسارے سے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو برینڈن ٹیلر اور ریگس چاکاباوا نے 142 رنز کی شراکت داری کرتے ہوئے کچھ مزاحمت دکھائی لیکن دونوں کھلاڑیوں کے پویلین لوٹنے پر زمبابوے کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی اور میچ کے چوتھے روز زمبابوے کی پوری ٹیم 231 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی۔ چاکاباوا نے 80 اور برینڈن ٹیلر نے 49 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے نعمان علی اور شاہین شاہ آفریدی نے پانچ ،پانچ وکٹیں حاصل کیں۔

زمبابوے کی ٹیم پہلی اننگز میں 132 رنز بنا سکی، پاکستان نے پہلی اننگز 8 وکٹوں کے نقصان پر 510 رنز پر ڈیکلیئر کی، قومی ٹیم کی جانب سے عابد علی نے 215 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

سیریز میں 14 وکٹیں حاصل کرنے پاکستانی فاسٹ باؤلر حسن علی سیریز کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، پاکستان ٹیم 19 سال بعد مسلسل دو ٹیسٹ میچ ایک اننگز سے جیتنے میں کامیاب رہی۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ اللہ کا شکر ہے کہ زمبابوے کے خلاف سیریز اچھی رہی، عابدعلی نے شاندار بیٹنگ کی، نعمان علی نے بھی اچھی باؤلنگ کی۔ اُمید ہے ویسٹ انڈیز کے خلاف بھی کھلاڑی اچھا پرفارم کریں گے۔