Saturday, July 27, 2024

گیس پائپ پر اپنا کام کر لیا‘ اب پاکستان کی باری ہے : ایرانی صدر

گیس پائپ پر اپنا کام کر لیا‘ اب پاکستان کی باری ہے : ایرانی صدر
March 26, 2016
اسلام آباد (92نیوز) ایرانی صدر حسن روحانی پاکستان کا دورہ مکمل کرکے وطن واپس روانہ ہو گئے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب بھی پاکستان کے قریب ہوتے ہیں افواہیں گردش کرنے لگتی ہیں۔ ایران نے گیس پائپ لائن پر اپنے حصے کا کام کر لیا، اب پاکستان کی باری ہے۔ حسن روحانی نے صدر ممنون حسین، وزیرداخلہ چودھری نثارعلی خان اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے بھی ملاقات کی۔ ایرانی صدرپاکستان کا دورہ مکمل کرکے وطن واپس روانہ ہوئے توصدر ممنون حسین اوردیگر اعلیٰ حکام نے انہیں رخصت کیا۔ اس سے پہلے میڈیا کو دورے پر بریفنگ دیتے ہوئے ایرانی صدر کا کہنا تھاکہ ایران توانائی کے شعبے میں پاکستان کی تمام ضروریات پوری کر سکتا ہے۔ گیس پائپ لائن پر اپنے حصے کا کام کر دیا، اب پاکستان کی باری ہے۔ حسن روحانی کا کہنا تھا کہ ایران کاسعودی عرب سے کوئی تنازع نہیں، بھارت اور پاکستان دونوں سے تعلقات ہیں۔ ایران اور پاکستان جب بھی ایک دوسرے کے قریب آتے ہیں، افواہوں کا بازار گرم ہو جاتا ہے۔ اس سے پہلے ایرانی صدر نے اپنے پاکستانی ہم منصب ممنون حسین سے ملاقات کی جس میں ان کا کہنا تھا کہ گوادر کامستقبل بہتر ہے۔ اس سے پورا خطہ مستفید ہوگا۔ سڑک اور ریل کے ذریعے گوادر سے منسلک ہونا چاہتے ہیں۔ ایرانی بندرگاہ چاہ بہار کو گوادر سے منسلک کیا جائے۔ حسن روحانی سے آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے بھی ملاقات کی جس میں ایرانی صدرنے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی کوششوں کا سراہا اور آپریشن ضرب عضب کی کامیابیوں پر آرمی چیف کو مبارک باد دی۔