Friday, September 20, 2024

پاکستان کیلئے آج کا میچ ”کرو یا پھر مرو“ کی صورت اختیار کر گیا

پاکستان کیلئے آج کا میچ ”کرو یا پھر مرو“ کی صورت اختیار کر گیا
March 2, 2016
لاہور (92نیوز) پاکستان آج ایشیا کپ کا اہم ترین میچ بنگلہ دیش کے خلاف کھیلے گا۔ ایشیا کپ کے فائنل تک رسائی کے لیے پاکستان کی بنگلہ دیش کے خلاف کامیابی ضروری ہے۔ جیت کی صورت میں بنگلہ دیش فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہو جائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا کی بھارت کے ہاتھوں شکست کے بعد ایشیا کپ انتہائی دلچسپ صورتحال اختیار کر گیا ہے۔ پاکستان کو آج بنگلہ دیش کے خلاف کھیلنا ہے جس میں کامیابی کی صورت میں پاکستان کے چارپوائنٹس ہو جائیں گے اور سری لنکا سے کامیابی کے بعد پاکستان باآسانی فائنل کے لیے کوالیفائی کر جائے گا۔ بنگلہ دیش اگر یہ میچ جیت جاتا ہے توچھ پوائنٹس کے ساتھ وہ فائنل کھیلنے کا اہل ہو گا۔ پاکستان اور سری لنکا ٹورنامنٹ سے باہر ہو جائیں گے۔ اس تصویر کا ایک رخ اور بھی ہے۔ اگر پاکستان بنگلہ دیش سے جیت جاتا ہے اور سری لنکا سے ہار جاتا ہے تو اس صورت میں تینوں ٹیموں کے چار چار پوائنٹس ہو جائیں گے جس کے بعد رن ریٹ کی بنیاد پر فیصلہ کیا جائے گا۔ بدقسمتی سے پاکستان کا رن ریٹ بھی اس وقت اچھا نہیں جسے پاکستان کو بنگلہ دیش اور سری لنکا کے خلاف بہتر بنانا ہو گا۔ بھارت پہلے ہی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکا ہے۔