Friday, September 20, 2024

پاکستان کو ہرانے کیلئے زمبابوے نے کامیاب چال چلی

پاکستان کو ہرانے کیلئے زمبابوے نے کامیاب چال چلی
October 4, 2015
لاہور (92نیوز) زمبابوے نے چالاکی سے قانون کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان کو دوسرا ون ڈے ہرایا۔ شکست یقینی نظر آنے لگی تو خراب روشنی کا بہانہ بنا کر کھیلنے سے انکار کر دیا۔ امپائرز نے ڈک ورتھ لوئس سسٹم کے تحت میزبان ٹیم کو پانچ رنز سے فاتح قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان اور زمبابوے کے درمیان دوسرے ون ڈے میں پہلے تو ٹاپ آرڈر نے دھوکا دیا۔ مڈل آرڈر نے کھیل کو سنبھالا دیا تو موسم نے تیور بدل لیے اور پھر جب ٹیم جیت کے قریب پہنچی تو قسمت کی دیوی ہی روٹھ گئی۔ میزبان ٹیم کو آخری اوورز میں جب پاکستان کی فتح یقینی نظر آنے لگی تو خراب موسم کا بہانہ بناتے ہوئے امپائر سے کھیل ختم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔ مقامی امپائرز تو جیسے پہلے سے ہی میزبان کھلاڑیوں کے حکم کے منتظر تھے۔ انہوں نے ایک لمحے کی تاخیر کے بغیر کھیل روکنے کا اعلان کر دیا۔ زمبابوے کے کھلاڑیوں نے لوہا گرم دیکھا تو فوراً پاکستانی بلے بازوں سے ان کے بیٹ پکڑ لیے اور بیلز بھی زمین پر گرا دیں۔ کریز پر موجود پاکستانی کھلاڑیوں نے اس صورتحال پر امپائرز سے احتجاج کیا جبکہ گراو¿نڈ سے باہر موجود کھلاڑی حیرت کا اظہار کرتے رہے لیکن کچھ فائدہ نہ ہوا اور زمبابوے کو ڈک ورتھ قانون کے تحت پانچ رنز سے فاتح قرار دے دیا گیا۔ پاکستان کے ہاتھوں اس طرح فتح چھن جانے پر کرکٹ شائقین اور مبصرین کی طرف سے سخت مایوسی کا اظہار کیا گیا۔ مبصرین کا کہنا تھا کہ میچ کا نتیجہ غیرمنصفانہ اور ناقابل قبول ہے، یہ کرکٹ کے لیے اچھا نہیں ہوا۔