پاکستان کو چیمپئنز ٹرافی جیتے ایک سال مکمل ہوگیا
لاہور( 92 نیوز) پاکستان کو چیمپئن ٹرافی جیتے ایک سال مکمل ہوگیا، 2017میں گرین شرٹس کو اوول میں روایتی حریف بھارت کو 180رنز کے بڑے مارجن سے دھول چٹائی تھی۔
آج اٹھارہ جون ہے، وہی دن جس دن ایک برس پہلے پاکستان اور بھارت کے درمیان اوول میں تاریخی جوڑ پڑا اور گرین شرٹس نے بھارتی سورماؤں کا غرور خاک میں ملایا۔
ایک برس بعد بھی جہاں پاکستانی شائقین کرکٹ کو یہ دن یاد ہے وہیں بھارتی بھی بھول نہیں پائے ہوں گے ۔
فیصلہ کن معرکے میں قومی ٹیم کی جانب سے اوپنر فخر زمان نے شاندار 114رنز کی اننگز کھیلی تھی ، محمدعامر اور حسن علی نے عمدہ باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھارتی بیٹنگ لائن کی دھجیاں بکھیر دیں۔
گرین شرٹس نے بھارت کو چیمپئن ٹرافی کے فائنل میں 180رنز کے بڑے مارجن سے شکست دے کر پہلی بار چیمپئن ٹرافی کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔