Saturday, July 27, 2024

پاکستان کو مطلوب 76 دہشتگردوں میں ٹی ٹی پی دھڑوں کے سربراہ شامل

پاکستان کو مطلوب 76 دہشتگردوں میں ٹی ٹی پی دھڑوں کے سربراہ شامل
February 18, 2017

اسلام آباد (92نیوز) افغان سفارتکاروں کو مطلوب 76 دہشت گردوں کی فراہم کی جانے والی لسٹ میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے چار دھڑوں کے سربراہ بھی شامل ہیں۔ انتہائی باوثوق ذرائع کے مطابق فوجی حکام کی جانب سے گزشتہ روز افغان سفارتکاروں کو جی ایچ کیو طلب کرکے پاکستان کو مطلوب 76دہشت گردوں کی فہرست دی گئی۔

فہرست میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے چار دھڑوں کے سربراہ ملا فضل اللہ، عمر خالد خراسانی، خالد سجنا، مولوی نذیر احمد سمیت قاری اختر، سیف اللہ، ولی محمد، محمد اکبر خان، عثمان اللہ، مطیع الرحمان، ایوب عرف سیف اللہ، اکرام اللہ، زارا علی عرف نسیم اللہ، قاری احسان اللہ، فیض محمد، قاری محمد یاسین، محمد زبیر، عبدالوقار، عبدالحمید نورالامین سمیت دیگر دہشت گرد شامل ہیں جو افغانستان میں پاکستان سے ملحقہ علاقوں قندھار، کنڑ، پکتیا، جلال آباد سمیت دیگر علاقوں میں موجود ہیں۔

 وہان انکے تربیتی کیمپس موجود ہیں جہاں خودکش حملہ ٓاور تیار کیے جاتے ہیں جبکہ بڑی تعداد میں نوجوانوں کو دہشت گردی کی تربیت دیکر پاکستان میں داخل کیا جاتا یے جو یہاں موجود سہولت کاروں کی مدد سے ملک کے مختلف علاقوں میں خودکش حملوں اور بم دھماکے کرتے ہیں جس سیں بے گناہ پاکستانی شہید ہوتے ہیں اور اس کام کیلئے بھارتی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘ اور ’’این ڈی ایس‘‘ ان دہشت گردوں کی مالی مدد کرتی ہیں۔

ذرائع کے مطابق یہ دہشت گرد نہ صرف خودکش حملہ ٓاوروں کو پاکستان میں داخل کرتے ہیں بلکہ دھماکہ خیز مواد، خودکش جیکٹس، اسلحہ و گولہ بارود بھی اپنے سہولت کاروں کے ذریعے پاکستان منتقل کیے جاتے ہیں۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اب ملکی سیاسی اور فوجی قیادت نے فیصلہ کرلیا ہے کہ اس حوالے سے اب کسی سے رعایت نہیں برتی جائے گی اور پاکستان کو نقصان پہنچانے والے عناصر کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔