Saturday, July 27, 2024

پاکستان کرکٹ لیگ: پہلا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نام، محمد نواز عمدہ آل رائونڈر کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار

پاکستان کرکٹ لیگ: پہلا میچ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے نام، محمد نواز عمدہ آل رائونڈر کارکردگی پر مین آف دی میچ قرار
February 5, 2016
دبئی (نائنٹی ٹو نیوز) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے پاکستان کرکٹ لیگ کا پہلا میچ  جیت لیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے دی۔ محمد نواز عمدہ آل راؤنڈر کارکردگی دکھا کر میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ دبئی میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے سات وکٹوں کے نقصان پر ایک سو اٹھائیس رنز بنا سکی۔  ٹاپ آرڈر بری طرح ناکام ہوا، پہلے چودہ اوورز میں صرف تریسٹھ رنز بن سکے اور چھے کھلاڑی آؤٹ ہو گئے۔ کپتان مصباح الحق اور اینڈرے رسل کے سوا کوئی کھلاڑی کریز پر جم کر نہ ٹھہر سکا۔ دونوں نے بالترتیب اکتالیس اور پینتیس رنز بنائے۔ کوئٹہ کے نوآموز باؤلر محمد نواز نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے مطلوبہ ہدف دو وکٹوں کے نقصان پر سولہ اوورز میں حاصل کر لیا۔ اوپنر لیوک رائٹ نے چھیاسی رنز کی عمدہ اننگز کھیلی۔ انہوں نے تین چھکے بھی لگائے جبکہ محمد نواز نے بائیس رنز بنائے، دونوں ناٹ آؤٹ رہے۔ لیوک رائٹ پی ایس ایل میں پہلی نصف سنچری بنانے والے کھلاڑی جبکہ سرفراز احمد پی ایس ایل کا پہلا میچ جیتنے والے کپتان بن گئے۔