Saturday, July 27, 2024

پاکستان کا قومی جانور مارخور،پرندہ چکور اور پھول چنبیلی ہے

پاکستان کا قومی جانور مارخور،پرندہ چکور  اور پھول چنبیلی ہے
August 5, 2018
لاہور ( 92 نیوز ) یوم آزادی کی آمد آمد ہے مگر ہم میں سے بہت سے لوگ اس ملک کے بارے میں بنیادی معلومات سے بھی نا واقف ہیں ۔ پاکستان کا یوم آزادی 14 اگست  کیوں کہ پاکستان 14اگست 1947 کو معرض وجود میں آیا تھا جب کہ پاکستان کا قومی دن 23 مارچ ہے  ،  اسی دن 1940 کو قرارداد لاہور منظور ہوئی  تھی جس کو بعد میں قرار داد پاکستان کا نام دیا گیا  اور اسی دن 1956 میں پہلا آئینِ منظور کیاگیا۔ گہرے سنز رنگ کا  پرچم جس میں ہلال اور 5 نکروں والا ستارہ  موجود ہے  یہ پاکستان کا قومی پرچم ہے ۔ لیاقت علی خان نے 11اگست 1947 کو  دستور ساز اسمبلی میں پاکستانی پرچم پیش کیا۔ پاکستان کا قومی لباس شلوار قمیص  اور جناح کیپ  اور شیروانی ہے  جب کہ ہمارا قومی پھل آم ، قومی پھول چنبیلی  ، قومی درخت دیودار اور قومی مشروب گنے کا رس ہے ۔ پاکستان کا قومی جانور مار خور ہے  ، مار خور  بلند و بالا سنگلاخ چٹانوں کا مکین ہے  جب کہ پاکستان کا قومی پرندہ چکور ہے ۔ اس کے علاوہ سندھ ساگر کی نابینا ڈولفن بھی دنیا بھر میں پاکستان کی پہچان ہے پاکستان کے قومی شاعر حکیم الامت حضرت ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ ہیں ۔ آپ لاہور میں آسودہ خاک ہیں۔  پاکستان کا قومی نعرہ   پاکستان کا مطلب کیا؟ لا الہ الا للہ  جو  مشہور شاعر اصغر سودائی نے 1944ء میں لگایا تھا ۔ چار اگست 1954ء کو کابینہ نے حفیظ جالندھری کے لکھے ترانے کو قومی ترانے کے طور پر منظور کیا ، 13اگست 1954ء کو قومی ترانہ پہلی مرتبہ ریڈیو پاکستان سے نشر ہوا ۔ پاکستان کا قومی کھیل ہاکی ہے ۔