Monday, October 3, 2022

پاکستان پر افغان طالبان کی عسکری امداد کا الزام بے بنیاد ہے، شیخ رشید

پاکستان پر افغان طالبان کی عسکری امداد کا الزام بے بنیاد ہے، شیخ رشید
September 30, 2021 ویب ڈیسک

اسلام آباد (92 نیوز) وزیر داخلہ شیخ رشید کا کہنا ہے پاکستان پر افغان طالبان کی عسکری امداد کا الزام بے بنیاد ہے۔

افغانستان سے بوریا بستر گول ہونے پر امریکا میں بھارتی لابی سرگرم ہو گئی۔ افغانستان میں امریکا کی ناکامی کا ملبہ پاکستان پر ڈالنے کی کوششیں شروع ہو گئیں۔ بھارتی لابی کے زیر اثر 22 سینیٹرز نے امریکی سینیٹ میں پاکستان مخالف بل پیش کر دیا۔ سینیٹرز نے موقف اختیار کیا پاکستان سمیت ریاستی اور غیرریاستی عناصر کا جائزہ لیا جائے۔

بل میں طالبان کی مالی، انٹیلی جنس ، لاجسٹک اور میڈیکل سپورٹ کا بھی الزام لگایا گیا۔ طالبان کومعاونت فراہم کرنے والے افراد اور ممالک پر پابندیوں کی سفارش کی گئی۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا مزید امتحانات آسکتے ہیں۔ گھبرانے والے نہیں، حالات کا مقابلہ کریں گے۔

وفاقی وزیر شیریں مزاری نے ٹویٹ کیا پاکستان کو امریکا کا اتحادی ہونے کی بھاری قیمت ادا کرنا پڑے گی۔ امریکا کی افغانستان میں پسپائی کے بعد امریکی سینیٹ میں بل لایا گیا۔ افغانستان میں اس وقت موجود طاقتیں اپنی ناکامیوں پر نظر رکھیں۔ پاکستان پر ملبہ ڈالنے کی بجائے کانگریس ارکان ڈالرز کا حساب اپنوں سے مانگیں۔