Saturday, July 27, 2024

پاکستان ٹیکسٹائل سٹی اور کراچی گارمنٹس سٹی کے معاملے پر ذیلی کمیٹی قائم

پاکستان ٹیکسٹائل سٹی اور کراچی گارمنٹس سٹی کے معاملے پر ذیلی کمیٹی قائم
February 10, 2016
اسلام آباد (92نیوز) قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی ٹیکسٹائل نے پاکستان ٹیکسٹائل سٹی کراچی اور کراچی گارمنٹ سٹی کے معاملے پر ذیلی کمیٹی قائم کردی۔ تفصیلات کے مطابق خواجہ غلام رسول کوریجہ کی زیر صدارت قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی ٹیکسٹائل انڈسٹری کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ کمیٹی نے ڈپٹی کمشنر ملیر کی اجلاس میں عدم شرکت پر برہمی کا اظہار کیا۔ کمیٹی نے ہدایت کی کہ آئندہ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر ملیرہر صورت شرکت کریں۔ اگر ڈپٹی کمشنر نے شرکت نہیں کی تو سپیکر کو خط لکھا جائے گا۔ سیکرٹری کمیٹی نے کراچی گارمنٹس سٹی پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کراچی گارمنٹس سٹی کے لیے 300 ایکڑ اراضی خرید لی ہے۔ سندھ حکومت کو 30 کروڑ روپے کی ادائیگی کردی گئی ہے تاہم تیرہ سال ہونے کے باوجود گارمنٹس سٹی کا قیام عمل میں نہیں لایا جا سکا۔ پاکستان سٹیل ملز کا موقف ہے کہ گارمنٹس سٹی کے لیے سندھ حکومت نے سٹیل ملز کی زمین بیچی ہے۔ معاملہ اب سندھ ہائی کورٹ میں ہے۔ رکن کمیٹی رشید گوڈیل نے کہا کہ زمینوں پر سندھ میں لوگوں کے بڑے مفادات ہیں۔ سچی بات کرتا ہوں اس لیے لوگ مجھے گولی ماردیتے ہیں۔ کمیٹی نے پاکستان ٹیکسٹائل سٹی اور کراچی گارمنٹس سٹی کے معاملے پر رشید گوڈیل کی سربراہی میں چار رکنی کمیٹی قائم کردی جو ایک ماہ میں اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔