Sunday, September 8, 2024

پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ٹی ٹونٹی میں 5وکٹوں سے شکست دیدی

پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ٹی ٹونٹی میں 5وکٹوں سے شکست دیدی
May 22, 2015
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان نے زمبابوے کو پہلے ٹی ٹونٹی میچ میں شکست دے کر فاتحانہ آغاز کر دیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق پاکستانی سرزمین پر کرکٹ کی چھے سالہ خزاں کے بعد پہلا میچ میزبان ٹیم اور زمبابوے کے درمیان قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا گیا۔ کرکٹ کے شائقین سے بھرے سٹیڈیم میں جب دونوں ٹیمیں میدان میں اتریں تو مہمان ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ مقررہ بیس اوورز میں چھے وکٹوں کے نقصان پر زمبابوے نے ایک سو بہتر رنز بنائے۔ اوپنرز ہملٹن ماساکازا اور ووسی سبنڈا نے اٹھاون رنز کا عمدہ آغاز فراہم کیا جبکہ کپتان چگمبورا نصف سنچری بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ پاکستان کے محمد سمیع تین وکٹوں کے ساتھ سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ وہاب ریاض نے دو اور شعیب ملک نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ایک سو تہتر رنز کے ہدف کا تعاقب  کرتے ہوئے پاکستانی اوپنرز مختار احمد اور احمد شہزاد نے  ایک سو بیالیس رنز کی شاندار شراکت کی مدد سے میچ پر ٹیم کی گرفت مضبوط کر دی تاہم اگلی تین وکٹیں خزاں کے پتوں کی طرح گریں تو میچ ہاتھ سے نکلتا نظر آنے لگا۔ اس موقع پر پاکستان کو فتح کے لیے چار گیندوں پر چار رنز درکار تھے۔ چھٹے نمبر پر میدان میں آنے والے کپتان شاہد آفریدی نے اپنی پہلی گیند پر چوکا لگا کر مقررہ اوورز سے تین گیندیں قبل ہی ہدف پورا کر لیا۔ زمبابوے کی طرف سے کریمر نے دو جبکہ ولیمز، ویٹوری اور پینیانگرا نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔