Friday, October 7, 2022

پاکستان نے بھارت کے جاری کردہ نئے نقشے مسترد کر دیے

پاکستان نے بھارت کے جاری کردہ نئے نقشے مسترد کر دیے
اسلام آباد ( 92 نیوز)دنیا کو گمراہ کرنے کی بھارت کی نئی سازش بے نقاب ہو گئی ،  پاکستان نے بھارت کے جاری کردہ نئے نقشے مسترد کر دیے ،  نئے نقشوں میں خطہ جموں و کشمیر کو بھارتی علاقہ قرار دینے کی کوشش کی گئی ،  ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی اقدام بلاجواز ہے، ایسے غیر قانونی اقدام کی کوئی حیثیت نہیں۔ مقبوضہ جموں و کشمیر کی حیثیت ختم کرنے کے بعد بھارت نے ایک اور کاری وار کرتے ہوئے سیاسی مقاصد کے حصول کے لئے نئے نقشوں کا اجراء کر دیا، دوسری جانب پاکستان نے بھارتی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری کردہ نئے نقشوں کو مسترد کردیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ نقشوں میں خطہ جموں و کشمیر کو بھارتی علاقہ قرار دینا گمراہ کن ہے ، نقشے میں آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کو بھارت کا حصہ دکھانے کو بھی مسترد کرتے ہیں ۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت نے نقشے کا اجراء غلط ، غیر قانونی اور حقائق مسخ کرنے کی مذموم کوشش ہے ، بھارت کے غیر قانونی اقدام کی کوئی حیثیت نہیں ، بھارت نے ایک بار پھر اقوام متحدہ  کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کی سنگین خلاف ورزی کی ہے ۔  پاکستان، اقوام متحدہ کے نقشوں سے عدم مطابقت والے بھارتی نقشوں کو مسترد کرتا ہے۔ پاکستان کا کہنا ہے کہ بھارت کا کوئی قدم جموں و کشمیر کی اقوام متحدہ میں تسلیم شدہ متنازعہ حیثیت ختم نہیں کر سکتا۔ بھارتی حکومتی اقدامات مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کا حق خودارادیت سلب نہیں کر سکتے۔ ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ پاکستان بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کی منصفانہ  جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گا، پاکستان نے مطالبہ کیا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں اقوام متحدہ کی قراردادوں کے تحت استصواب رائے کرایا جائے۔