Thursday, September 19, 2024

پاکستان نے افغان وزارت خارجہ کا کالعدم ٹی ٹی پی بارے بیان مسترد کردیا

پاکستان نے افغان وزارت خارجہ کا کالعدم ٹی ٹی پی بارے بیان مسترد کردیا
June 28, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان نے افغان وزارت خارجہ کا کالعدم ٹی ٹی پی کی افغانستان میں سرگرمیوں بارے بیان مسترد کر دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چودھری کے مطابق افغان بیان بازی زمینی حقائق، متعدد اقوام متحدہ رپورٹس کے برعکس ہے، پاکستان میں دہشت گردی کے لیے کالعدم ٹی ٹی پی نے افغان سرزمین استعمال کی۔ گزشتہ کئی سالوں میں کالعدم ٹی ٹی پی نے پاکستان میں کئی دہشتگرد حملے کیے۔

اُنہوں نے کہا، بمطابق اقوام متحدہ رپورٹس افغان سرزمین پر ٹی ٹی پی کے 5 ہزار دہشتگرد موجود ہیں، ٹی ٹی پی کے ٹھکانے افغانستان میں پاکستانی سرحد کے ساتھ ہیں۔ اقوام متحدہ مانیٹرنگ ٹیم کی بارہویں رپورٹ نے ٹی ٹی پی کے پاکستان مخالف مخصوص مقاصد تسلیم کیے۔

اُن کا کہنا تھا کہ، ٹی ٹی پی کے منقسم دھڑوں کا دوبارہ اتحاد بھی دشمن انٹیلی جینس ایجنسیوں کا کام ہے، پاکستان کے خلاف سرحد پار سے حملے ہماری سلامتی اور استحکام کے لیے خطرہ ہیں۔

زاہد حفیظ چودھری بولے کہ، پاکستان ہر قسم کی دہشتگردی کے خلاف بلاتفریق کارروائی کا عزم غیرمتزلزل ہے۔ پاکستان نے سلامتی، دہشتگردی جیسے امور سے نمٹنے کیلئے ہمیشہ مؤثر اقدامات پر زور دیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا، باہمی مسائل کے حل کے لیے افغان، پاکستان حکمت عملی برائے امن و ہم آہنگی پر عملدرآمد ناگزیر ہے۔ پاکستان بین الافغان امن عمل کی کامیابی کے لیے مخلصانہ کاوشیں کر رہا ہے۔ اُمید ہے افغانستان میں دیرپا امن و استحکام کی خاطر افغان نادر موقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔