پاکستان نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کیلئے کوالیفائی کر لیا
لاہور (92نیوز) آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی دو ہزار سترہ کے لئے کوالیفائی کرنے والی آٹھ ٹیموں کا اعلان کر دیا۔ قومی ٹیم نے میگا ایونٹ کے لئے کوالیفائی کر لیا۔ ویسٹ انڈین ٹیم اس بار چیمپئنز ٹرافی سے باہر ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق اگر مگر کا چکر ختم ہو گیا۔ آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کی کٹ آف ڈیٹ پر کوالیفائی کرنے والی آٹھ ٹیموں کا اعلان کر دیا۔
قومی کرکٹ ٹیم نوے ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر موجود ہے اور چیمپئنز ٹرافی کے لئے کوالیفائی کرنے والی آخری ٹیم بن چکی ہے۔
اٹھاسی پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر موجود ویسٹ انڈئن ٹیم ایونٹ کے لئے کوالیفائی نہیں کر پائی جبکہ آئرلینڈ‘ زمبابوے اور افغانستان بھی ایونٹ سے باہر ہیں۔
میگا ایونٹ میں شرکت کرنے والی دیگرٹیموں میں آسٹریلیا، جنوبی افریقہ، نیوزی لینڈ، بھارت، سری لنکا، انگلینڈ، بنگلادیش شامل ہیں۔