Tuesday, January 25, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

پاکستان نیوی کی کوسٹل کمانڈ کی سالانہ ایفیشنسی پیریڈ کا پی این ایس قاسم میں انعقاد

پاکستان نیوی کی کوسٹل کمانڈ کی سالانہ ایفیشنسی پیریڈ کا پی این ایس قاسم میں انعقاد
January 9, 2019
 کراچی (92 نیوز) پاکستان نیوی کی کوسٹل کمانڈ کی سالانہ ایفیشنسی پیریڈ کا انعقاد پی این ایس قاسم، منوڑہ میں ہوا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ مہمان خصوصی کی آمد پر کمانڈر کوسٹ وائس ایڈمرل محمد فیاض گیلانی نے ان کا استقبال کیا۔   کوسٹل کمانڈ کی جانب سے ایفیشنسی پیریڈ کا انعقاد سالانہ بنیادوں پر سال کے اختتام پر کیا جاتا ہے جس میں پورے سال میں بہترین کار کردگی کا مظاہرہ کرنے والے یونٹس میں شیلڈز تقسیم کی جاتی ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی نے کہا کہ پاکستان نیوی کی کوسٹل کمانڈ کو جیونی سے لے کر سر کریک تک پھیلی پاکستان کی ساحلی پٹی کی حفاظت کی اہم ذمہ داری تفویض کی گئی ہے جس کو وہ مشکل اندورنی و بیرونی سیکیورٹی حالات اور سخت موسمی تبدیلیوں کے ساتھ بخوبی سر انجام دے رہے ہیں۔ چیف آف دی نیول اسٹاف نے اپنے خطاب میں موجودہ بحری چیلنجز بشمول گوادر پورٹ کی سیکیورٹی اور سی پیک کے بحری دفاع سے متعلق معاملات سے نبرد آزما ہونے کے لیے پاک بحریہ کے بحری بیڑے کی آپریشنل صلاحیتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ انہوں نے اہم بحری تنصیبات اور تمام خطرات اور چیلنجز سے پاکستان کے بحری مفادات کے تحفظ کے عزم کا اظہار بھی کیا۔   ایڈمرل عباسی نے کہا کہ پاکستان نیوی پاکستانی ساحل اور علاقائی سمندر میں اپنی مستعد موجودگی کے ذریعے شر پسند عناصر کی جانب سے کسی بھی قسم کی جارحیت کا موقع فراہم نہیں کر رہی ہے۔ اس کے لیے مسلسل جدوجہد کی ضرورت ہے اور پاک بحریہ بیرونی اور اندرنی خطرات سے مادرِ وطن کا دفاع ہر قیمت پر کر رہی ہے۔   نیول چیف نے پاکستان نیوی وژن کے تین ستونوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جنگی تیاری، میری ٹائم سیکٹر کی ترقی اور نظریاتی اساس کے ذریعے ہی ہم اپنے مقاصد حاصل کر سکتے ہیں۔ بلو اکانومی اور پاکستان کے بحری وسائل کی اہمیت پر بات کرتے ہوئے نیول چیف نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کی بہتری کے لیے میری ٹائم سیکٹر اور اس کی ترقی اور سیکیورٹی پر توجہ مرکوز کرنا ناگزیر ہے۔ ایڈمرل عباسی نے اس سلسلے میں پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا جن میں سیمینارز اور نیشنل میری ٹائم سیکیورٹی ورکشاپ کا انعقاد اور تاجر برادری سے تعلقات استوار کرنا تا کہ انہیں بحری وسائل کی بیش بہا خوبیوں اور ملکی معیشت کی ترقی کے لیے ان وسائل کے صحیح استعمال کے حوالے سے آگاہ کیا جائے، شامل ہیں۔ قبل ازیں اپنے خطاب میں کمانڈر کوسٹ وائس ایڈمرل محمد فیاض گیلانی نے کوسٹل کمانڈ کی آپریشنل کامیابیوں پر روشنی ڈالی اور سال 2018 میں کی جانے والی سرگرمیوں کا خلاصہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ دیگر آپریشنل ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ کوسٹل کمانڈ نے مشق ’سی اسپارک2018 ‘ میں بھی کامیابی سے حصہ لیا۔   بعد ازاں مہمان خصوصی نے سال 2018 کے دوران بہترین کار کردگی دکھانے والے یونٹس میں شیلڈز تقسیم کیں۔