Wednesday, February 1, 2023

پاکستان میں کورونا کیسز ایک لاکھ 88 ہزار، مزید 60 افراد جاں بحق

پاکستان میں کورونا کیسز ایک لاکھ 88 ہزار، مزید 60 افراد جاں بحق
اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان میں کورونا کے وار جاری ہیں، مجموعی کیسز ایک لاکھ 88 ہزار 926 تک جا پہنچے، ایک دن میں مزید 60 افراد جاں بحق ہوگئے، اموات 3 ہزار 755 تک پہنچ گئیں، گزشتہ 24 گھنٹے میں 3892 نئے کیسز سامنے آئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سنٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران 3 ہزار 892 نئے کیسز سامنے آئے جس کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 88 ہزار 926 تک پہنچ گئی۔ سندھ میں متاثرہ افراد کی تعداد سب سے زیادہ ہے جہاں مجموعی کیسز 72 ہزار 656 ہیں۔ پنجاب میں 69 ہزار 536، خیبرپختونخوا 23 ہزار 388، اسلام آباد میں 11 ہزار 483، بلوچستان 9 ہزار 634، گلگت بلتستان میں 1337، اور آزاد کشمیر میں کیسز کی تعداد 892 ہے۔ ترجمان کے مطابق ایک دن میں مزید 60 افراد جان کی بازی ہار گئے۔ جاں بحق افراد کی تعداد 3755 ہو گئی۔ پنجاب میں سب سے زیادہ 1516 افراد، سندھ میں 1124، خیبرپختونخوا 855، بلوچستان 106، اسلام آباد 108، گلگت بلتستان اورآزاد کشمیر میں 23، 23 افراد دم توڑ گئے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کا کہنا ہے ملک بھر کے 769 اسپتالوں میں 6 ہزار 256 مریض زیر علاج ہیں۔ اب تک 77 ہزار 754 مریض مکمل طور پرصحت یاب ہو گئے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں میں 23 ہزار 380 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ اس وقت آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں کوئی کورونا مریض وینٹی لیٹرپرنہیں ہے۔ اسلام آباد میں 250 بیڈز پر مشتمل وبائی امراض کا اسپتال بھی جلد فعال ہوجائے گا۔ اس اسپتال کے فعال ہونے سے اسلام آباد کے اسپتالوں پردباؤ کم ہوگا۔