پاکستان میں پہلی بار بائیومیٹرک کریمنل ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم متعارف
کراچی (92نیوز) سندھ پولیس نے نظام میں جدت لانے کی ٹھان لی۔ پاکستان میں پہلی بار بائیومیٹرک کریمنل ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم متعارف کرا دیا گیا۔ نئے نظام کا مقصد پولیس کو چوکیداری نظام سے نکال کر جدید خطوط پر استوار کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ پولیس نے نجی موبائل کمپنی کے تعاون سے بڑھایا جدت کی جانب پہلا قدم اور متعارف کرایا گیا پاکستان میں بائیو میٹرک ان ایبلڈ کریمنل ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم جس کا مقصد ہے پولیس کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا۔
نظام کا مرکزی خیال پیش کرنے والے کہتے ہیں اس نظام سے 7 اہم کیٹیگریز کی رجسٹریشن کی جائے گی۔ اسلحہ کی دکانوں، پرائیویٹ سکیورٹی گارڈز‘ گھریلو ملازم، کرائے دار، ہوٹل اور گیسٹ ہاوسز کے علاوہ پولیس کا سروس ریکارڈ اور فیول مینجمنٹ بھی نظام کا حصہ ہو گا۔
تقریب سے خطاب میں آئی جی سندھ کا کہنا تھا کہ نئے نظام سے امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئے گی۔
مہمان خصوصی صوبائی وزیر داخلہ سہیل انور سیال نے کہا کہ پہلے بڑے جرائم پیشہ افراد فرضی ناموں سے جعلی شناختی کارڈ بناکر جیل چلے جاتے تھے مگر اب جدید نظام سے ایسا نہیں ہو سکے گا۔
صوبائی وزیر داخلہ نے ایک پھر واضح کیا کہ کراچی آپریشن کے لیے وفاق سے اب تک کوئی مالی مدد نہیں ملی۔