اسلام آباد: (92 نیوز) وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی سےمتعلق ماہانہ اعدادوشمار جاری کر دیئے ہیں۔
ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق ستمبر میں مہنگائی کی شرح میں اعشایہ پانچ فیصد تک کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ مہنگائی کی مجموعی شرح 6 اعشایہ 9 فیصد تک آگئی ہے۔
حکومتی کارکردگی کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع، مہنگائی کی شرح میں کمی کا رجحان، ماہ ستمبر میں مہنگائی کی شرح میں مزید کمی آگئی۔
شہری علاقوں میں مہنگائی 9.3 فیصد، دیہی علاقوں میں 3.6 فیصد پر آگئی، ستمبر میں مہنگائی کی سالانہ شرح 6.9 فیصد کے سنگل ڈیجیٹ پر آگئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ایف بی آر نے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کردی
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ ماہ مہنگائی کی شرح میں 0.5 فیصد کی کمی ریکارڈکی گئی، ستمبر 2024 میں مہنگائی حکومتی اندازوں سے بھی کم سطح پر آگئی ہے، حکومت نے ستمبر،اکتوبر میں مہنگائی کی شرح 8 سے 9 فیصد تک رہنے کی پیش گوئی کی تھی۔
ستمبر میں ٹماٹر 24.34فیصد، سبزیاں 18 فیصد سے زائد سستی ہوئیں، پھل 4.49 فیصد جبکہ گندم کا آٹا 5.53 فیصد تک سستا ہوا، ایک ماہ میں گندم 4.46 فیصد، دال مسور 4 فیصد، ماش 2.67 فیصد سستی ہوئی۔
شہری علاقوں میں بیسن 15 فیصد، دال چنا 13.48 فیصد مہنگی ،ستمبر میں انڈے 7.33 فیصد، سفید چنے 5 فیصد مہنگے ہوئے، پیاز 5 فیصد، مصالحے 3.32 فیصد، ریڈی میڈ فوڈ 2.54 فیصد مہنگے ہوئے، ایک ماہ میں گوشت 2.37 فیصدجبکہ آلو ایک فیصد تک مہنگے ہوئے۔