Saturday, July 27, 2024

پاکستان میں فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال‘ دو جہاز جدہ پہنچ گئے

پاکستان میں فلائٹ آپریشن جزوی طور پر بحال‘ دو جہاز جدہ پہنچ گئے
February 7, 2016
لاہور (92نیوز) حکومت پی آئی اے ملازمین کو کسی حد تک منانے میں کامیاب ہو گئی ہے جس کے ساتھ ہی فلائٹ آپریشن جزوی طور پربحال ہو گیا۔ سعودی عرب میں پھنسے ہوئے عمرہ زائرین کو واپس لانے کیلئے دو بوئنگ جہاز جدہ پہنچ گئے۔ دوسری جانب درجنوں پروازیں بھی منسوخ ہوئیں جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی ایئرلائن کا کہنا ہے کہ نجکاری کے خلاف ملازمین کی ہڑتال کے باعث کئی دنوں سے معطل فلائٹ آپریشن اب جزوی طور پر دوبارہ بحال ہو رہا ہے اور پی آئی اے کا عملہ دو جہاز لے کرجدہ روانہ ہوا ہے۔ پی آئی اے سے جاری بیان کے مطابق سعودی عرب میں عمرہ کی ادائیگی کے لیے جانے والے پاکستانی زائرین کو ملک واپس لانے کے لیے پی آئی اے کے دو بوئنگ 777 جہاز جدہ روانہ ہوئے ہیں اور دوپہر تک آٹھ سو عمرہ زائرین واپس آ جائیں گے۔ دوسری جانب مجوزہ نجکاری کیخلاف پی آئی اے ملازمین کی کام چھوڑ ہڑتال کے باعث لاہور کے علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے اندرون اور بیرون ملک آنے جانے والی اکتیس فلائٹس منسوخ ہو گئیں جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑا۔ ائیرپورٹ پر کسی بھی ممکنہ احتجاج سے نمٹنے کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے جبکہ پی آئی اے ملازمین کی ہڑتال کے باعث سول ایوی ایشن اور اے ایس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر کے ان کی ڈیوٹی کا دورانیہ بارہ گھنٹے کر دیا گیا ہے۔ پشاور میں بھی باچا خان ایئرپورٹ پر قومی ائرلائنز کا فلائٹ آپریشن بدستور معطل ہے۔ پشاور میں باچا خان ایئرپورٹ پرقومی ایئر لائنز کی اتوار کے روز کی 14 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ شیڈول کے مطابق آج 9 انٹر نیشنل اور 5 ڈومیسٹک پروازوں کی آمد اور روانگی تھی تاہم پی آئی اے عملہ اور ملازمین کی عدم موجودگی کے باعث یہ پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ فلائٹ انکوائری آفس ذرائع کے مطابق قومی ائر لائنز کی منسوخ کی جانے والی پروازوں میں پانچ کی مسقط‘ ابوظہبی‘ کولالمپور‘ دوہا اور دوبئی سے آمد اور چار کی دوہا، ابوظہبی ، دوبئی ، اور کولالمپور روانگی تھی جبکہ ڈومیسٹک فلائٹس میں دو کی چترال اور کراچی سے آمد اور ایک کی چترال اور دو کی کراچی روانگی تھی۔ ایئرپورٹ انکوائری آفس ذرائع کا کہنا ہے کی نجی ائرلائنز کا فلائٹ شیڈول معمول کے مطابق جاری ہے۔