پاکستان، مقبوضہ کشمیرسمیت آج پوری دنیا میں یوم القدس منایا جا رہا ہے
اسلام آباد (92 نیوز) مظلوم فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے آج ملک گیر یوم القدس منایا جا رہا ہے۔
ملک بھرمیں دینی وسیاسی جماعتیں مظلوم فلسطینیوں سے اظہاریکجہتی کےلیے ریلیاں نکالیں گیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں سب سے بڑی ریلی نادرا چوک تا سرینا چوک نکالی جائے گی ۔
ریلی میں جماعت اسلامی، جے یو آئی ف، شیعہ علماء کونسل، ایم ڈبلیو ایم، جے یوپی سمیت ملی یکجہتی اور ایم ایم اے کی جماعتیں شریک ہونگی۔
ریلی سے لیاقت بلوچ، عارف واحدی، امین شہیدی، میاں اسلم، راجا ناصر سمیت دیگر قائدین خطاب کریں گے ۔
احتجاجی ریلی کے بعد مذہبی قائدین اقوام متحدہ کے مشن دفتر میں احتجاجی قرارداد بھی جمع کرائینگے۔
احتجاجی ریلیوں میں فلسطینی عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی اور اسرائیلی مظالم کی شدید مذمت کی جائے گی۔
پاکستان علماء کونسل اشرفی گروپ کی جانب سے بھی آج یوم تحفظ الحرمین و الاقصٰی منانے کی کال دی گئی ہے۔
ایم ڈبلیو ایم اور شیعہ علما کونسل جی سکس مرکزی امام بارگاہ سے اپنے روایتی راستوں سے ہو کر نادرا چوک تک بعد از نماز جمعہ ریلیاں نکال کر مرکزی ریلی میں شریک ہونگے۔
تحریک نفاذ فقہ جعفریہ قبل جمعہ دربار سخی محمود تا آبپارہ نکالے گی۔
علماء کونسل اشرفی گروپ مسجد معاذ بن جبل سے احتجاجی ریلی نکالے گی۔
جماعت اسلامی کے شرکا مسجد شہدا جبکہ جے یوآئی کے شرکا لال مسجد و محمدیہ مسجد سے نادرا چوک جائینگے۔