Friday, January 21, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

پاکستان مسئلہ کشمیر کے پرامن حل تک اپنی حمایت جاری رکھے گا، دفترخارجہ

پاکستان مسئلہ کشمیر کے پرامن حل تک اپنی حمایت جاری رکھے گا، دفترخارجہ
January 31, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) وزارت خارجہ کی حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کو ٹیلیفون کال کے معاملے پر  پاکستان  نے بھارتی اعتراضات مسترد کر دئیے ، ترجمان دفتر خارجہ   کا کہنا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے پر امن حل تک اپنی حمایت جاری رکھے گا۔ دفتر خارجہ نے حریت رہنما میر واعظ عمر فاروق کے کال کے معاملے پر بھارتی اعتراضات مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ کشمیری قیادت کے ساتھ رابطوں میں رہا، اس میں کچھ نیا نہیں۔ دفتر خارجہ نے  پاکستان میں تعینات بھارتی ہائی کمشنر کو  طلب کر کے  حریت رہنما میر واعظ کو کال پر بھارتی اعتراض مسترد کر دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی ہائی کمشنر کی طلبی  دہلی میں پاکستانی ہائی کمشنر  کی طلبی پر کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ  بھارت کی جانب سے میرواعظ عمر فاروق کو دہشتگرد کہنا قابل مذمت ہے، بھارت ، افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشتگردی میں ملوث ہے۔ وزارت خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر پاکستان اور بھارت کے مابین دیرینہ تصفیہ طلب مسئلہ ہےجس پر اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادیں واضح ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ  شملہ معاہدہ اور اعلان لاہور کے مطابق بھی مسئلہ کشمیر متنازعہ معاملہ ہے،کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو دہشت گردی کا رنگ دینے کی کوشش کو بھی مسترد کرتے ہیں جبکہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی امنگوں اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت چاہتا ہے۔