Monday, January 30, 2023

پاکستان سے تعلقات نہیں چاہتے تو پھر بھارت میں پاکستانی سفارتخانہ کیوں ہے،نوجوت سنگھ

پاکستان سے تعلقات نہیں چاہتے تو پھر بھارت میں پاکستانی سفارتخانہ کیوں ہے،نوجوت سنگھ
کراچی ( 92 نیوز) نوجوت سنگھ سدھو بھارتی انتہا پسندوں پر برس پڑے ۔ نوجوت سنگھ سدھو نے انتہا پسند تنظیموں کی جانب سے اپنے سر پر پانچ لاکھ روپے انعام رکھنے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اگر بھارت پاکستان کے ساتھ بہتر تعلقات نہیں چاہتا تو پھر بھارت میں پاکستانی سفارتخانہ کیوں ہے ۔ بھارت کو پاکستان کی محبت کا جواب امن میں پہل کرکے دینا ہوگا۔ نوجوت سنگھ سدھو نے انتہا پسند تنظیموں کو منہ توڑ جواب دیتے ہوئے پوچھا کہ اگر پاکستان کیساتھ امن نہیں چاہتے تویوم آزادی پر دونوں ممالک کے جوان سرحدوں پرایک دوسرے کو مٹھائیاں کیوں دیتے ہیں؟، امن نہیں چاہتے تو نریندر مودی پاکستان کے سابق وزیراعظم  نواز شریف سے گلے کیوں ملے؟۔ نوجوت سنگھ سدھو نے بھارتی میڈیا کے سامنے ایک بار پھر سوالوں کے انبار لگا دیے او ر کہا کہ  بھارت کو محبت کا جواب خیرسگالی کے قیام میں پہل کرکے دینا ہوگا ، میں پاکستان خیرسگالی کا سفیر بن کر گیاتھا اور وہاں پاکستانیوں سے مجھے جتنی محبت ملی ہے وہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ بھی امن چاہتے ہیں،دورہ پاکستان سے میرا یقین پختہ ہوا ہے کہ پاک بھارت تعلقات میں بہتری ممکن ہے۔ نوجوت سنگھ سدھو نے کہا کہ میں کوئی روبوٹ نہیں ہوں جوجذباتی نہ ہوسکوں ، پاکستانی آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے جب کرتار پور صاحب کا راستہ کھولنے کی بات کی تو میرے لیے جذباتی لمحہ تھا۔