پاکستان سپر لیگ کا تیسرا ایڈیشن شروع ہونے میں کچھ دن باقی
دبئی (92 نیوز) پی ایس ایل ایڈیشن تھری کا رنگا رنگ میلہ سجنے میں چند دن باقی رہ گئے ہیں ۔ پھر سے متحدہ عرب امارات کے صحراؤں میں چھکے چوکوں کی بارش ہو گی ، وکٹیں اڑیں گی ، تالیاں بجیں گی اور شور مچے گا ۔
ایونٹ کی افتتاحی تقریب 22 فروری کو ہو گی ۔
امریکی گلوکار جیسن ڈیرولو، عابدہ پروین، علی ظفر اور شہزاد رائے آواز کا جادو جگائیں گے ۔
دوسری جانب لاہور میں 20 اور 21 مارچ کو شیڈول 2 پلے آف میچز کیلیے ٹکٹوں کی فروخت آج سے شروع ہو جائے گی ۔
کراچی میں 25 مارچ کو ہونے والے فائنل کے ٹکٹ یکم مارچ سے دستیاب ہونگے ۔
پی ایس ایل تھری کے تمام میچز میں ڈی آر ایس کا استعمال ہو گا ۔
شائقین کرکٹ پرامید ہیں کہ پی ایس ایل تھری کے فائنل کا شہر قائد میں انعقاد پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی مکمل بحالی میں اہم سنگ میل ثابت ہو گا ۔