Saturday, July 27, 2024

پاکستان سپرلیگ، آج دو میچز کھیلے جائینگے، پہلے میچ میں کراچی اور پشاور مدمقابل، دوسرے میں اسلام آباد اور کوئٹہ کا آمنا سامنا

پاکستان سپرلیگ، آج دو میچز کھیلے جائینگے، پہلے میچ میں کراچی اور پشاور مدمقابل، دوسرے میں اسلام آباد اور کوئٹہ کا آمنا سامنا
February 11, 2016
شارجہ (نائنٹی ٹو نیوز) پاکستان سپر لیگ میں آج دو میچز کھیلے جائیں گے۔ پہلے میچ میں  کراچی اور پشاور کی ٹیمیں مدمقابل ہوں گی جبکہ دوسرے میچ میں اسلام آباد اور کوئٹہ کی ٹیموں کا دوسری بار آمنا سامنا ہو گا۔ دونوں میچز شارجہ میں کھیلے جائیں گے۔ کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے درمیان ایونٹ کا دسواں میچ پاکستانی وقت کے مطابق  ساڑھے چار بجے شروع ہو گا۔ اب تک کھیلے گئے میچوں کے بعد پشاور کو کراچی پر دو پوائنٹس کی برتری حاصل ہے۔  پشاور نے تین میں سے دو میچز جیتے اور ایک ہارا، اس طرح پوائنٹس ٹیبل پر وہ چار پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے  جبکہ کراچی کی ٹیم نے تین میں سے دو میچز ہارے اور ایک میں اسے  کامیابی ملی اس طرح وہ ابھی تک دو پوائنٹس حاصل کر سکی ہے۔ دن کا دوسرا میچ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان پاکستانی وقت کے مطابق  رات نو بجے شروع ہو گا۔ پوائنٹس ٹیبل میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز چھے پوائنٹس کے ساتھ  پہلی پوزیشن پر ہے جبکہ اسلام آباد کی ٹیم  کے چار پوائنٹس ہیں تاہم  آخری دونوں میچ جیتنے کے بعد کھلاڑیوں میں خوداعتمادی عروج پر ہے۔ شارجہ کے پہلے میچ میں چوکوں چھکوں کی بارش کو دیکھتے ہوئے توقع کی جا سکتی ہے آج کے میچز میں بھی شائقین کو اچھے مقابلے دیکھنے کو ملیں گے۔