پاکستان سٹاک ایکسچینج میں ہنڈریڈ انڈیکس 39 ہزار کی بلندترین سطح عبور کر گیا

کراچی (92نیوز) پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں نئے ریکارڈز بننے کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا۔ کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس 39 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کرنے کے بعد مزید اوپر کی جانب رواں دواں ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی اونچی اڑان جاری ہے۔ زبردست کارکردگی دکھانے والی اسٹاک مارکیٹ نے انتالیس ہزار کی بلند ترین سطح کو عبور کر لیا ہے۔
اسٹاک سے وابستہ افراد کا کہنا ہے کہ مورگن اسٹین لے کمپوزٹ انڈیکس کے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ایمرجنگ مارکیٹ انڈیکس میں شامل کرنے کا اعلان کے بعد سے بیرونی سرمایہ کار متحرک ہیں جو انڈیکس کو مزید اوپر لے جانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے برطانیہ کی یورپی یونین سے علیحدگی کے بعد عالمی کساد بازاری شروع ہوئی تھی جس میں اب کمی آنا شروع ہوئی ہے جس کے اچھے اثرات مارکیٹ پر پڑ رہے ہیں جبکہ آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستانی معیشت کے حوالے سے مثبت خبروں کا اثر نظر آرہا ہے۔
ہیڈ آف ایشیا پیسفک ایکوٹیز آرتھر وانگ کے مطابق چین اورامریکا کی متاثر ہوتی معیشت کے بعد پاکستانی مارکیٹ عالمی سرمایہ کاروں کےلئے بہترین متبادل بن سکتی ہے۔