Wednesday, September 18, 2024

پاکستان سمیت دنیا بھر کی مساجد میں 27 ویں شب مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی

پاکستان سمیت دنیا بھر کی مساجد میں 27 ویں شب مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی
June 12, 2018
اسلام آباد (92 نیوز) رحمت، برکت، بخشش، مغفرت، عزت اور کرامت والی رات، دنیا بھرمیں شبِ قدر مذہبی عقیدت و احترام  کے ساتھ منائی گئی۔ رات بھر مساجد اور گھروں میں تلاوتِ قرآن پاک اور نفلی عبادات کا سلسلہ جاری رہا ۔ سب سے بڑا اجتماع مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں ہوا۔ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں تقریباً 30 لاکھ معتمرین پہنچے۔ ہوٹلوں، شاہراہوں ،صحن حرم اور چھتوں پربھی نمازیوں کا اجتماع ہوا۔ اس موقع پر سکیورٹی اور شٹل سروس بسوں کے خصوصی انتظامات کیے گئے۔ پاکستان میں بھی مساجد کو برقی قمقموں سے سجایا گیا۔ فرزندان اسلام رات بھر اللہ رب العزت کےحضور سجدہ ریز ہوکر گناہوں کی معافی مانگتے رہے۔ نوافل کے ساتھ ساتھ قرآن پاک کی تلاوت میں مشغول رہے۔ گھروں میں ختم قرآن، نفلی عبادات اور دعائیہ محفلیں منعقد کی گئیں جن میں ملکی سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ رمضان المبارک کے آخری عشرہ کی سب سے اہم فضیلت شب قدر ہے  ، اسی رات میں قرآن پاک کا نزول ہوا  ، اس مبارک رات آسمان کے دروازے کھلے رہتے ہیں  ۔ سرکار دو عالمﷺ  کا ارشاد ہے  جو شخص ایمان کے ساتھ اور ثواب کی نیت سے رمضان کے روزے رکھے اور شب قدر میں عبادت کرے  اس کے پچھلے تمام گناہ معاف کردیئے جائیں گے ۔اللہ سبحانہ وتعالی نے اس رات کی فضیلت میں سورة قدر نازل فرمائیاس رات فرشتے خیر و برکت اور رحمت کے ساتھہ نزول کرتے ہیں ۔ رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ اہل ایمان کی جھولیاں بھرکررخصت ہوجاتا ہے  اور جاتے جاتے شب قدر کی صورت میںایسا تحفہ عطا کرتا ہے جس کے بارے قرآن کریم میں فرمایا گیا ہے کہ شب قدر ہزار مہینوں سے بہتر ہے ۔