پاکستان تحریک انصاف کا مودی کے دورہ امریکا پر شدید احتجاج کا فیصلہ

اسلام آباد (92 نیوز) پاکستان تحریک انصاف نے مقبوضہ کشمیر پر بھارتی غیر قانونی قبضے اور اہل کشمیر پر ظلم کے خلاف عالمی سطح پر مودی حکومت کے خلاف بھرپور احتجا ج ریکارڈ کرانے کافیصلہ کر لیا۔
پاکستان تحریک انصاف نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کی متوقع امریکہ آمد پر شدید احتجاج کا فیصلہ کیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے پی ٹی آئی کی ذیلی تنظیم برائے بین الاقوامی شعبہ جات کو بھرپور تیاریوں کی ہدایت کر دی۔ وزیر اعظم عمران خان نے پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری او آئی سی ڈاکٹر عبداللہ ریاڑ سے ملاقات میں نریندر مودی کی نیویارک آمد پر بھرپور احتجاج کی تیاریاں مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ تحریک انصاف نیویارک میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی بربریت کے خلاف کمیونٹی اور انسانی حقوق کی تنظیموں کو متحرک کرے۔
وزیر اعظم نے کہا سلامتی کونسل کی قراردادوں اور دو طرفہ معاہدوں کی موجودگی میں بھارت سرکار کے پاس کشمیر پر غاصبانہ قبضے کا کوئی جواز موجود نہیں۔ بطور سفیر مقبوضہ کشمیر کے عوام کی آواز دنیا کے ہر فورم پر اٹھاوں گا۔