لاہور: (92 نیوز) 5 اکتوبر کو پی ٹی آئی کے لاہور میں احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کے کیس میں سلمان اکرم راجہ و دیگر رہنماؤں کی ضمانتیں منظور ہوگئیں۔
سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں 30 اکتوبر تک توسیع کا حکم دے دیا گیا، شیر پاؤ پل پر تقاریر اور جلاؤ گھیراؤ کیس میں 16 اکتوبر کو فرد جرم عائد کی جائے گی۔
پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے خلاف کیسز کی سماعت، انسداد دہشت گردی عدالت لاہور میں 5 اکتوبر کو پی ٹی آئی کے لاہور میں احتجاج اور جلاؤ گھیراؤ کے کیس کی سماعت ہوئی۔
پی ٹی آئی سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ ایڈووکیٹ نے ایک اور مقدمہ میں عبوری ضمانت دائر کر دی، عدالت نے سلمان اکرم راجہ کی 16 اکتوبر تک عبوری ضمانت منظور کرلی ہے۔
دوسری جانب انسداد دہشت گردی عدالت نے سانحہ 9 مئی کے مقدمات میں پی ٹی آئی رہنماؤں کی عبوری ضمانتوں میں 30 اکتوبر تک توسیع کا حکم دے دیا ہے۔
ملزمان نے جناح ہاؤس، عسکری ٹاور حملہ اور تھانہ شادمان نذر آتش مقدمات میں عبوری ضمانت کی درخواستیں دائر کر رکھی ہیں، اسد عمر، عمرایوب، علیمہ، عظمی خانم، حافظ فرحت، اعظم سواتی، بلال اعجاز، علی امتیاز کی حاضری معافی کی درخواست دائر کی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: کانسٹیبل عبد الحمید شاہ کے قتل کا مقدمہ عمران خان سمیت 500 نامعلوم افراد پر درج
ن لیگ کا آفس، کینٹینرز جلانے اور شیر پاؤ پل پر تقاریر و جلاؤ گھیراؤ سمیت 6 مقدمات کی سماعت 16 اکتوبر تک ملتوی کردی گئی۔
عدالت نے قراردیا کہ آئندہ سماعت پر شیر پاو پل پر تقاریر اور جلاو گھیراو کیس میں فرد جرم عائد کی جائےگی۔
پی ٹی آئی رہنما اور سابق رکن اسمبلی احسن فتیانہ بازیاب ہوگئے اور ان کے وکیل نے لاہور ہائیکورٹ کو ان کی بازیابی کے بارے میں آگاہ کردیا، عدالت نے سی سی پی او کی رپورٹ کی روشنی میں درخواست نمٹا دی۔