لاہور: (92 نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے 24 نومبر کے احتجاج کے پیش نظر حکومت پنجاب نے وفاق سے رینجرز طلب کرلی، رینجرز کو راولپنڈی، اٹک اور جہلم میں تعینات کیا جائے گا، راولپنڈی اور اسلام آباد میں دفعہ 144 بھی نافذ کردی گئی ہے۔
پی ٹی آئی کی 24 نومبر کو احتجاج کی کال، حکومت بھی روکنے کیلئے متحرک، راولپنڈی، اسلام آباد میں احتجاج روکنے کیلئے کنٹینرز پہنچا دیئے، جڑواں شہر کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کیا جائے گا۔
موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی بند کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ وزارت داخلہ نے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو بھی ہدایت کی ہے کہ احتجاج میں سرکاری مشینری اور وسائل استعمال نہیں ہونے چاہئیں۔
راولپنڈی انتظامیہ نے بھی احتجاج کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کردی ہے، جس کے تحت شہر میں کسی بھی مقام پر جلسے، جلوسوں اور ریلیوں پر پابندی ہوگی، 4 سے زائد افراد بھی کسی ایک مقام پر جمع نہیں ہوسکیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کا 24 نومبر کا احتجاج روکا جائے: درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ پہنچ گئی
پنجاب حکومت نے بھی احتجاج کے پیش نظر رینجرز طلب کرلی ہے، اس حوالے سے محکمہ داخلہ پنجاب نے وفاقی حکومت کو مراسلہ بھجوا دیا ہے۔ پنجاب میں رینجرز کو راولپنڈی، اٹک اور جہلم میں تعینات کیا جائے گا۔
مراسلے میں راولپنڈی اور اٹک کیلئے رینجرز کے 2،2 جبکہ جہلم کیلئے ایک کمپنی بھجوانے کی سفارش کی گئی ہے۔ راولپنڈی اور اٹک میں رینجرز کی تعیناتی جمعہ 22 نومبر سے تا حکم ثانی ہوگی جبکہ جہلم میں 22 سے 27 نومبر تک رینجرز تعینات کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔