پاکستان نے لارڈز ٹیسٹ کے چوتھے روز ہی فتح اپنے نام کرلی

لندن(سپورٹس ڈیسک )پاکستان نے لارڈز ٹیسٹ کے چوتھے روز ہی فتح اپنے نام کر لی۔ میزبان انگلینڈ کو پچہتر رنز سے شکست دے دی۔
تفصیلات کےمطابق لارڈز کے تاریخی گراؤنڈ میں شاہینوں کی اونچی پرواز، مصباح الیون نے کک الیون کوپہلے ٹیسٹ کے چوتھے روز ہی پچھتر رنز سے پچھاڑ دیا۔
میچ کے چوتھے روز پاکستان نے انگلینڈ کو جیت کے لیے دو سو تراسی رنز کا ہدف دیا جو انگلینڈ کے لیے پہاڑ ثابت ہوا، پاکستانی باؤلرز نے پوری انگلش ٹیم کو دو سو سات رنز پر ڈھیر کر دیا۔راحت علی نےٹاپ آرڈر کی 3وکٹیں لے کر گوروں کی راحت چھین لی ۔ جانی بیئر اسٹو نے سینتالیس رنز بنا کر کچھ دیر مزاحمت کی جبکہ گیری بیلنس تینتالیس اور جیمز ونسی بیالیس رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ ٹیل اینڈر کرس ووکس نے مزاحمت کرتے ہوئے تئیس رنز بنائے جبکہ اوپنر ایلیکس ہیلز نے سولہ رنز کی اننگز کھیلی۔ الیسٹر کک، جو روٹ، معین علی، سٹوارٹ براڈ، سٹیون فن اور جیک براڈ دوہرا ہندسہ بھی عبور نہ کر پائے۔ پاکستان کی طرف سے یاسر شاہ نے چار، راحت علی نے تین، محمد عامر نے دو اور وہاب ریاض نے ایک وکٹ حاصل کی۔