پاکستان بمقابلہ نیوزی لینڈ‘ قومی ٹیم چندی گڑھ پہنچ گئی

لاہور (92نیوز) قومی ٹیم نیوزی لینڈ سے مقابلے کیلئے چندی گڑھ پہنچ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق قومی نے موہالی سٹیڈیم میں ڈیرے ڈال لیے ہیں اور کھلاڑی آج بھرپور پریکٹس کریں گے۔ ہارنے کی صورت میں گرین شرٹس کی اگلے مرحلے میں پہنچنے کی امید ختم ہو جائے گی۔ ٹی ٹوینٹی ورلڈ کپ کے گروپ ٹو میں پاکستان کا جوڑ پڑے گا نیوزی لینڈ سے۔ گروپ آف ڈیتھ میں شامل دونوں ٹیموں کا یہ تیسرا میچ ہے۔ پاکستان نے اب تک کھیلے گئے دو میچز میں سے بنگلہ دیش کے خلاف پہلے میچ میں فتح سمیٹی جبکہ دوسرے میچ میں بھارت کے ہاتھوں شکست اس کا مقدر بنی۔
گروپ کے پوائنٹس ٹیبل میں پاکستان دوسری پوزیشن پر ہے جبکہ نیوزی لینڈ کی پہلی پوزیشن ہے۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم اب تک کھیلے گئے دونوں میچز میں فاتح رہی ہے۔ پہلے میچ میں اس نے بھارت کو ہرایا جبکہ دوسرے میں آسٹریلیا کو شکست سے دوچار کیا۔
دونوں ٹیموں کے درمیان باہمی مقابلوں کے ریکارڈ پر اگر نظر ڈالی جائے تو ٹی ٹوینٹی فارمیٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کا پلہ بھاری ہے۔ دو ہزار سات میں ٹی ٹوینٹی فارمیٹ کے آغاز سے لے کر اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر چودہ میچز کھیلے گئے ہیں۔
آٹھ میں پاکستان فاتح رہا جبکہ چھے میچز میں جیت کیویز کے نام رہی۔ ایک طرف نیوزی لینڈ کی ٹیم اس وقت بہترین فارم میں ہے تو دوسری طرف گرین شرٹس کا سیمی فائنل تک رسائی کے لیے نیوزی لینڈ کو ہرانا بہت ضروری ہے۔ شائقین پرامید ہیں کہ ٹیم اس بار انہیں مایوس نہیں کرے گی۔