پاکستان اور ورلڈ الیون کی سیریز خوش آئند ہے، مکی آرتھر

لاہور (92 نیوز) پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی نے کوچنگ سٹاف کو بھی پر جوش کر دیا۔ ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور فیلڈنگ کوچ سٹیو رکسن نے پاکستان اور ورلڈ الیون کی سیریز کواچھی خبر قرار دیا ہے۔
پاکستان میں آٹھ سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی، ہیڈ کوچ مکی آرتھر اور فیلڈنگ کوچ بھی پر جوش۔ ملک کے سونے میدان آباد ہونے کو خوش آئند قرار دے دیا۔
مکی آرتھر کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ایک عرصے سے انٹرنیشنل کرکٹ نہیں کھیلی جارہی تھی لیکن اگلے تین ماہ میں پاکستان میں سات ٹی ٹوینٹی میچوں کا انعقاد خوشی کی خبر ہے۔ انہیں یقین ہے کہ شائقین کرکٹ کی سپورٹ کے لیے بڑی تعداد میں اسٹیڈیم کا رخ کریں گے۔
فیلڈنگ کوچ سٹیو رکسن کہتے ہیں دنیا کو بتانے کا یہ بہترین موقع ہے کہ پاکستانی عوام اپنے ملک میں کرکٹ دیکھنا چاہتے ہیں۔
آزادی کپ کے نام سے پاکستان اور ورلڈ الیون کی سیریز کے حوالے سے شائقین بھی پرجوش ہیں۔ تیاریاں عروج پر ہیں اور ٹکٹوں کی آن لائن فروخت جاری ہے۔ سیریز بارہ سے پندرہ ستمبر تک لاہور میں کھیلی جائے گی۔